بھٹکل، 30 / جون (ایس او نیوز) قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کی قیادت میں ایک وفد نے کونکن ریلوے کے اسسٹنٹ ٹریفک مینجر کی بھٹکل آمد کے موقع پر ان سے ملاقات کرتے ہوئے ریلوے اسٹیشن پر موجود سہولتوں میں بہتری لانے کے ساتھ مزید چند اہم اور نہایت ضروری سہولتیں فراہم کرنے کے مطالبات پر مشتمل ایک میمورنڈم پیش کیا۔جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ :
۱۔ برسات کے موسم میں مسافروں کو جو دشواریاں پیش آرہی ہیں اس پس منظر میں ریلوے اسٹیشن کی موجودہ عمارت کی مناسب دیکھ بھال اور ضروری مرمت کا کام جلد از جلد کیا جائے ۔ کیونکہ بھاری برسات ہونے کی صورت میں عمارت کی چھت اور شیڈ سے جگہ جگہ پانی ٹپکتا ہے۔ جس سے مسافروں کے جان و مال اور صحت کے لئے خطرہ درپیش رہتا ہے۔
۲۔ اکثر ممبئی جانے والی ٹرینوں کو پلیٹ فارم ۲ پر روکا جاتا ہے جبکہ بینگلورو جانے والی ٹرینوں کو عام طور پر پلیٹ فارم ۱ پر رکنے کی سہولت دی جاتی ہے ۔ چونکہ ممبئی جانے والی مسافر اکثر زیادہ اور بھاری لگیج اپنے ساتھ لے جاتے ہیں اس وجہ سے ان مسافروں کو بھاری سامان کے ساتھ ۱ نمبر پلیٹ فارم سے ۲ نمبر پلیٹ فارم تک جانے کے لئے بہت ہی زیادہ دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ اس لئے عمل در آمد کی سہولت کے ساتھ جہاں تک ممکن ہو، ممبئی جانے والی گاڑیوں کو پلیٹ فارم نمبر ۱ ہی پر روکا جائے ۔
۳۔ پلیٹ فارم نمبر ۲ پر مناسب چھت کا انتظام نہیں ہے جس سے مسافروں کو بارش کے موسم میں بھیگنا پڑتا ہے ۔ اس کے علاوہ پلیٹ فارم ۲ کو بھی پلیٹ فارم نمبر ۱ کی طرح مسافروں کے لئے ضروری سہولتوں سے لیس کیا جانا چاہیے ۔ جس میں زمین پر ہموار سطح بنانے کے لئے ٹائلس بٹھانا اور اوپر چھت بنانا ضروری ہے ۔
۴۔ پلیٹ فام ۱ اور ۲ کو جوڑنے والا جو فوٹ اوور برڈج ہے اس پر بھی تیز دھوپ اور برسات کے پانی سے مسافروں کی حفاظت کو سامنے رکھتے ہوئے شیڈ یا چھت لگا دی جائے ۔ اس کے علاوہ اپنے ساتھ لگیج لانے والے مسافروں، عمر رسیدہ اور معذور مسافروں کی سہولت کو پیش نظر رکھتے ہوئے اوور برڈج کی سطح کو ہموار اور وھیل چیئر استعمال کرنے کے لئے [جہاں ضروری ہو وہاں ریمپس کے ساتھ] آسان بنانا چاہیے۔
۵۔ مسافروں کو اپنا سامان لانے لے جانے کے لئے اسٹیشن پر وافر تعداد میں ٹرالیز فراہم کی جائے ۔ موجودہ حالت میں دیکھا گیا ہے کہ مسافروں اور خاص کر اپنے گھر والوں کے ساتھ سفر کرنے والوں، عمر رسیدہ افراد اور لمبے فاصلوں کا سفر کرنے والوں کو اسٹیشن کے داخلی دروازے اور پلیٹ فارمس تک اپنا لگیج لانے اور لے جانے میں بڑی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ اگر مسافروں کے استعمال کے لئے کم از کم ۸ تا ۱۰ لگیج ٹرالیز فراہم کی جائیں گی تو یہ مسئلہ بڑی حد تک حل ہو جائے گا اور لوگوں کے اندر اپنا سفر آسان اور اطمینان بخش ہونے کا احساس پیدا ہوگا۔
۶۔ ریلوے اسٹیشن پر شہر کی جانب اور دیگر اہم مقامات کی طرف جانے والی مختلف سمتوں اور فاصلوں کو ظاہر کرنے والے واضح سائن بورڈ آویزاں کیے جائیں۔
۷۔ اسٹیشن کے باہر پارکنگ کے لئے مناسب اور منظم پارکنگ کی سہولت فراہم جائے۔
تنظیم وفد کی قیادت جنرل سکریٹری مولوی عزیز الرحمن رکن الدین ندوی نے کی، دیگر زمہ داران بھی اس موقع پر موجود تھے۔