بھٹکل، یکم / جون (ایس او نیوز) پڑوسی قصبہ شیرور کی سنکد گنڈی ندی میں تیرنے کے دوران ڈّوبنے کی وجہ سے ہاویری سے تعلق رکھنے والا ایک طالب علم فوت ہو گیا جس کی شناخت آیوش (16 سال) کے طور پر کی گئی ہے ۔
اطلاع کے مطابق ہاویری کے قریب کروشی نگر کے رہنے والے ایک خاندان کے سات افراد مرڈیشور اور کنیا کماری کی سیاحت کے لئے نکلے تھے ۔ مرڈیشور میں سیاحت کے بعد وہ اگلے سفر پر نکلتے ہوئے پیر صبح آرام کرنے کے لئے شیرور کی سنکد گنڈی ندی کے پاس رک گئے اور خاندان کے دوسرے افراد کھانا پکانے میں مصروف تھے تو اسی بیچ دو لڑکے قریب میں موجود ندی کے اندر نہانے کے لئے چلے گئے ۔ ان میں سے آیوش نامی لڑکا تیرنے کے لئے جب گہرے پانی کی طرف گیا تو وہ گہرائی کا اندازہ نہیں کر سکا اور وہ ڈوبنے لگا ۔ اس کے بھائی نے خاندان کے دیگر افراد کو مدد کے لئے آواز لگائی تو ان لوگوں نے آیوش کو بچانے کی بہت کوشش کی مگر وہ سب ناکام رہے اور وہ ڈوب گیا ۔
ندی میں پانی بہت زیادہ گہرا ہونے کی وجہ سے فائر بریگیڈ عملے کے ساتھ مل کر مقامی لوگوں نے تلاشی مہم چلائی اور ایک گھنٹے کی مشقت کے بعد آیوش کی لاش ندی سے باہر نکالی گئی ۔
معلوم ہوا ہے کہ آیوش کے والد کا گجرات میں چھوٹا سا کاروبار ہے اور آیوش وہیں پر ایس ایس ایل سی کا طالب علم تھا ۔ اپنے والدین کے علاوہ بھائی اور خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ وہ ٹور پر نکلا تھا مگر اس کی زندگی کا سفر راستے میں ہی ختم ہوگیا ۔
بیندور پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر معائنہ کرنے کے بعد کیس درج کر لیا ہے ۔ چھان بین جاری ہے۔
