ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کیرالا میں مانسون کی آمد میں تاخیر؛ 5 تا 6 جون کے بعد سازگار فضائی حالات بننے کی توقع: آئی ایم ڈی

کیرالا میں مانسون کی آمد میں تاخیر؛ 5 تا 6 جون کے بعد سازگار فضائی حالات بننے کی توقع: آئی ایم ڈی

Tue, 02 Jun 2026 13:58:53    S O News
کیرالا میں مانسون کی آمد میں تاخیر؛ 5 تا 6 جون کے بعد سازگار فضائی حالات بننے کی توقع: آئی ایم ڈی

بھٹکل، 2 جون (ایس او نیوز): بھٹکل سمیت ساحلی کرناٹکا، بنگلورو اور ریاست کے مختلف حصوں میں گزشتہ چند روز سے ابر آلود موسم اور وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، تاہم ہندوستانی محکمہ موسمیات (IMD) کے مطابق جنوب مغربی مانسون کی کیرالا میں باضابطہ آمد میں تاخیر ہو رہی ہے کیونکہ اس کے لیے ضروری مضبوط مغربی اور بالائی سطح کی ہوائیں ابھی تک پوری طرح قائم نہیں ہو سکی ہیں۔ تازہ موسمی ماڈلز کے مطابق جنوبی ہند کے اوپر مطلوبہ فضائی نظام 5 تا 6 جون کے بعد تشکیل پانے کا امکان ہے، جس کے بعد مانسون کی پیش رفت میں تیزی آسکتی ہے۔ 

آئی ایم ڈی کے مطابق مانسون کے آغاز کے اعلان کے لیے صرف بارش کافی نہیں ہوتی بلکہ مخصوص رفتار کی مغربی ہوائیں، مناسب بادلوں کا پھیلاؤ اور مسلسل بارش جیسے متعدد موسمی پیمانوں کا پورا ہونا ضروری ہے۔ اس وقت سب سے بڑی رکاوٹ کمزور مغربی ہوائیں ہیں، جس کی وجہ سے کیرالا میں بارشوں کے باوجود مانسون کے باضابطہ آغاز کا اعلان نہیں کیا جا سکا۔ 

انگریزی روزنامہ انڈین ایکسپریس نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ مانسون کیرالا کے ساحل تک تقریباً پہنچ چکا ہے، لیکن ضروری فضائی حالات نہ ہونے کے سبب یکم جون تک اس کا باضابطہ آغاز ممکن نہیں ہو سکا۔ اخبار کے مطابق 2023 میں مانسون 8 جون کو کیرالا پہنچا تھا، جبکہ 2024 اور 2025 میں اس کی آمد معمول سے پہلے ہوئی تھی۔ 

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق کمزور ہواؤں اور مطلوبہ بارش کی کمی نے مانسون کے اعلان کو متاثر کیا ہے۔ محکمہ موسمیات مسلسل صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور جیسے ہی تمام شرائط پوری ہوں گی، مانسون کے آغاز کا اعلان کیا جائے گا۔

ایک اور انگریزی میڈیا اکنامک ٹائمز  نے آئی ایم ڈی کے حوالے سے بتایا ہے کہ جنوب مغربی مانسون 2 سے 3 دن کے اندر کیرالا پہنچ سکتا ہے اور تازہ اندازوں کے مطابق اس کی باضابطہ آمد 4 جون کے آس پاس متوقع ہے، اگرچہ موسمی حالات میں تبدیلی کی صورت میں تاریخ میں معمولی رد و بدل بھی ممکن ہے۔ 

ملیالم میڈیا نے بھی ریاست میں جاری بارشوں کے باوجود مانسون کے سرکاری اعلان میں تاخیر کو نمایاں طور پر رپورٹ کیا ہے۔ کیرالہ حکومت نے مختلف اضلاع، خصوصاً وائناڈ جیسے حساس علاقوں میں مانسون سے نمٹنے کی تیاریاں تیز کر دی ہیں اور متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ 

ماہرین کے مطابق کیرالا میں مانسون کی آمد میں چند دن کی تاخیر پورے ملک میں مانسون کی رفتار پر لازماً اثر انداز نہیں ہوتی، تاہم اس کے باعث کسانوں کی بوائی کے شیڈول اور زرعی منصوبہ بندی متاثر ہو سکتی ہے۔ اسی خدشے کے پیش نظر مہاراشٹرا حکومت نے کسانوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ مانسون کے مکمل استحکام سے قبل جلد بازی میں بوائی نہ کریں۔

واضح رہے کہ آئی ایم ڈی کے مطابق جنوب مغربی مانسون عموماً یکم جون کے آس پاس کیرالا میں داخل ہوتا ہے اور بعد ازاں مرحلہ وار پورے ملک میں پھیلتا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران جنوبی ہند میں فضائی حالات مزید سازگار ہونے کی توقع ہے، جس کے بعد کیرالا میں مانسون کی باضابطہ آمد کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔


Share: