منگلورو، یکم جولائی (ایس او نیوز): ساحلی کرناٹکس میں جاری شدید بارش نے بدھ کی علی الصبح ایک اور المناک حادثے کو جنم دیا، جب منگلورو شہر کے کَنکناڈی پولیس اسٹیشن کے عقب میں واقع ناگوری (گاروڈی) علاقے میں مسلسل بارش کے باعث پہاڑی کے کنارے قائم حفاظتی (ریٹیننگ/کمپاؤنڈ) دیوار اچانک منہدم ہوگئی، جس کے ساتھ مٹی اور پتھروں کا بھاری تودہ نیچے واقع کرائے کے ٹائلوں والے مکانات پر آ گرا۔ اس دردناک حادثے میں ایک ہی خاندان کے تین لوگوں کی موت واقع ہوگئی جن میں ایک اتون اور دو بچے شامل ہیں۔ حادثے میں تین دیگر افراد کو زندہ نکال کر اسپتال منتقل کیا گیاہے۔ جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
حادثہ صبح تقریباً 4:45 سے 5:00 بجے پیش آیا، جب علاقے کے بیشتر لوگ سو رہے تھے۔ اچانک پہاڑی سے مٹی اور دیوار گرنے کی زوردار آواز سنائی دی، جس سے چار رہائشی مکانات شدید متاثر ہوئے۔ ایک گھر مکمل طور پر ملبے تلے دب گیا اور اس میں موجود ایک ہی خاندان کے چھ افراد پھنس گئے۔

اطلاع ملتے ہی مقامی شہری، پولیس، فائر اینڈ ایمرجنسی سروس، این ڈی آر ایف (NDRF) اور ایس ڈی آر ایف (SDRF) کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والی امدادی کارروائی کے دوران ملبہ ہٹا کر تمام افراد کو باہر نکالا گیا۔ ریسکیو آپریشن کے اختتام پر حکام نے تصدیق کی کہ چھ میں سے تین افراد جاں بحق جبکہ تین افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔
مرنے والوں کی شناخت شانتا (46 سال)، انامیکا چورسیا (8 سال) اور پری (4 سال) کے طور پر ہوئی ہے، جبکہ زخمیوں میں بالاکرشنا (48 سال)، الکا (14 سال) اور انوشا (11 سال) شامل ہیں۔ تمام متاثرین اصل میں ریاست بہار سے تعلق رکھتے ہیں اور گزشتہ تقریباً بیس برس سے ناگوری علاقے میں مقیم تھے۔ ۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ضلع جنوبی کنڑا کے ڈپٹی کمشنر درشن ایچ وی موقع پر پہنچے اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ پہاڑیوں کے دامن اور خطرناک مقامات پر رہنے والے خاندانوں کی فوری نشاندہی کرکے حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔ مسلسل بارش کے پیش نظر انتظامیہ نے شہریوں کو لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات والے علاقوں سے دور رہنے کی بھی اپیل کی ہے۔
دریں اثنا، ریاست کے وزیر برائے صحت و ضلع انچارج یو ٹی قادر نے دہلی کا اپنا دورہ مختصر کرتے ہوئے منگلورو واپس آنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو زخمیوں کے علاج کا مکمل خرچ حکومت کی جانب سے برداشت کرنے اور جاں بحق افراد کے اہل خانہ کو فوری معاوضہ فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔
ساحلی کرناٹکا، خصوصاً جنوبی کنڑا ضلع میں گزشتہ کئی روز سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث مختلف علاقوں میں پانی جمع ہونے، درخت گرنے اور لینڈ سلائیڈنگ جیسے واقعات پیش آ رہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق مسلسل بارش کے باعث پہاڑی ڈھلوانوں کی مٹی کمزور ہو جاتی ہے، جس سے اس نوعیت کے حادثات کا خطرہ کئی گنا بڑھ جاتا ہے۔