اڈپی،4/ جون (ایس او نیوز) ملپے پولیس کے حدود میں واقع کیمانو میں ایک معمر جوڑے کو فائر بریگیڈ کے عملے اور مقامی ریسکیور کے ذریعے بڑے ڈرامائی انداز میں کنویں سے باہر نکالا گیا ۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق کیمانو میں سرکاری پری یونیورسٹی کالج کے پاس شیاملہ (60 سال) نامی خاتون حادثاتی طور اپنے گھر کے قریب موجود کنویں میں گر گئیں ۔ یہ دیکھ کر مبینہ طور پر اپنی بیوی کو بچانے کے لئے گوپال کرشنا (65 سال) بھی کنویں میں کود پڑا ۔ اس طرح یہ معمر جوڑا کنویں میں پھنس کر رہ گیا ۔
اس صورت حال کا علم ہونے پر علاقے کے مشہور ریسکیور ایشور ملپے اور فائر اینڈ ایمرجنسی سروس ڈپارٹمنٹ کا سے متعلقہ افراد فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور مشترکہ کوشش سے کنویں میں پھنسے معمر جوڑے کو باہر نکال لیا ۔
بتایا جاتا ہے کنویں میں گرنے اور کودنے کی وجہ سے میاں اور بیوی دونوں کی طبیعت بہت زیادہ خراب ہوگئی تھی اس لئے انہیں معائنہ اور علاج کے لئے فوراً منی ہاسپٹل میں داخل کیا گیا ہے ۔
اس دوران میں ملپے پولیس اسٹیشن کے افسران نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور ضروری کارروائی کی ۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ فائر سروس افسران کی جانب سے معمر جوڑے کو بچانے کی جو بروقت کارروائی ہوئی اس کی وجہ سے ایک بڑا المیہ ٹل گیا ۔