ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / دبئی: سالانہ ہیلتھ ایوارڈز 2026 کے لیے نامزدگیاں شروع؛ یو اے ای و جی سی سی میں 50 سے زائد زمروں کا اعلان

دبئی: سالانہ ہیلتھ ایوارڈز 2026 کے لیے نامزدگیاں شروع؛ یو اے ای و جی سی سی میں 50 سے زائد زمروں کا اعلان

Mon, 06 Apr 2026 17:28:50    S O News
دبئی: سالانہ ہیلتھ ایوارڈز 2026 کے لیے نامزدگیاں شروع؛ یو اے ای و جی سی سی میں 50 سے زائد زمروں کا اعلان

دبئی، 6 اپریل (ایس او نیوز) : ہیلتھ میگزین نے تُھمبے میڈیا   کے اشتراک سے سالانہ ہیلتھ ایوارڈز 2026 کے لیے نامزدگیوں کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے، جسے متحدہ عرب امارات کے نمایاں اور بااثر طبی اعزازاتی پلیٹ فارمز میں شمار کیا جاتا ہے۔

منتظمین کے مطابق اس سال 50 سے زائد زمروں میں ایوارڈز دیے جائیں گے، جن میں کلینیکل ایکسیلنس، سرجیکل انوویشن، پبلک ہیلتھ اقدامات، ویلنیس لیڈرشپ، طبی تعلیم، تحقیق اور مریضوں کی دیکھ بھال جیسے اہم شعبے شامل ہیں۔ ایوارڈز کی تقریب اکتوبر 2026 میں دبئی میں منعقد ہوگی، جس میں یو اے ای اور جی سی سی کے ممتاز طبی ماہرین اور ادارے شریک ہوں گے۔

2026 ایڈیشن کی ایک نمایاں خصوصیت 15 باصلاحیت اماراتی شہریوں کو خصوصی طور پر اعزاز سے نوازنا ہے، جو ملک کے طبی شعبے میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ یہ اقدام مقامی صلاحیتوں کو فروغ دینے اور صحت کے شعبے میں ان کے بڑھتے ہوئے کردار کو تسلیم کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔

منتظمین کا کہنا ہے کہ یہ ایوارڈز اب محض اعزاز تک محدود نہیں رہے بلکہ ایک ایسا پلیٹ فارم بن چکے ہیں جہاں جدت، خدمات اور کامیابی کی کہانیاں عالمی سطح پر پیش کی جاتی ہیں۔ تُھمبے میڈیا کے ٹی وی، پرنٹ، ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے نامزد افراد اور اداروں کو وسیع تشہیر کا موقع بھی فراہم کیا جائے گا۔

شفافیت اور غیرجانبداری کو یقینی بنانے کے لیے جانچ کا عمل مکمل طور پر آڈٹ شدہ فریم ورک کے تحت انجام دیا جائے گا، جبکہ Knight Frank کو آفیشل جیوری پارٹنر مقرر کیا گیا ہے۔ ماہرین صحت، ماہرین تعلیم اور انڈسٹری لیڈرس  پر مشتمل آزاد جیوری تمام نامزدگیوں کا جائزہ لے گی۔

وگنیش ایس اُناڈکٹ، چیف آپریٹنگ آفیسر تُھمبے میڈیا ، نے کہا کہ یہ پلیٹ فارم ہر سال مزید وسعت اور اہمیت اختیار کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا، “2026 ایڈیشن اب تک کا سب سے بڑا اور جامع ایڈیشن ہوگا، جو طبی شعبے میں بہترین خدمات انجام دینے والوں کو عالمی سطح پر نمایاں کرے گا۔”

نامزدگیاں 6 اپریل 2026 سے شروع ہو چکی ہیں اور اگست 2026 تک جاری رہیں گی۔ طبی ماہرین، ادارے اور اختراع کار متعلقہ زمرہ منتخب کر کے اپنی خدمات، کارکردگی اور اثرات کی تفصیلات کے ساتھ اپنی نامزدگیاں جمع کرا سکتے ہیں۔

دو دہائیوں سے زائد عرصے سے شائع ہونے والا ہیلتھ میگزین  یو اے ای کا ایک معتبر ہیلتھ اور ویلنیس جریدہ ہے، جو طبی ترقی، فٹنس، غذائیت، ذہنی صحت اور احتیاطی تدابیر سے متعلق مستند معلومات فراہم کرتا رہا ہے۔ اس کا نمایاں منصوبہ، سالانہ ہیلتھ ایوارڈز، خطے میں طبی شعبے کی ترقی اور بہترین کارکردگی کے اعتراف کی عکاسی کرتا ہے۔

Click here for report in English


Share: