ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل مورل پولیسنگ تنازعہ: پولیس سے مبینہ بدتمیزی اور گالی گلوچ؛ گوند نائک کے خلاف مقدمہ درج

بھٹکل مورل پولیسنگ تنازعہ: پولیس سے مبینہ بدتمیزی اور گالی گلوچ؛ گوند نائک کے خلاف مقدمہ درج

Fri, 19 Jun 2026 20:33:37    S O News
بھٹکل مورل پولیسنگ تنازعہ: پولیس سے مبینہ بدتمیزی اور گالی گلوچ؛ گوند نائک کے خلاف مقدمہ درج

بھٹکل 19/جون (ایس او نیوز): پولیس تھانے کے باہر احتجاج کے دوران پولیس کے اعلیٰ افسران کے ساتھ مبینہ طور پر بدتمیزی اور گالی گلوچ کرنے کے الزام میں ہندوتوا لیڈر گوند نائک کے خلاف جمعہ کو مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بدھ کی شب پولیس تھانے کے باہر منعقدہ احتجاج کے دوران گوند نائک نے پولیس حکام سے مبینہ طور پر دھمکی آمیز اور غیر شائستہ لہجے میں گفتگو کی تھی۔ اس واقعے کی ویڈیو بعد میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس کے بعد عوامی حلقوں میں یہ سوال اٹھایا جا رہا تھا کہ پولیس افسران کے ساتھ اس نوعیت کے رویے کے باوجود کوئی کارروائی کیوں نہیں کی گئی۔

واضح رہے کہ بدھ کو بھٹکل کے ساگر روڈ علاقے میں مبینہ مورل پولیسنگ کا ایک واقعہ پیش آیا تھا۔ اس سلسلے میں شاہد خان نامی ایک مسلم نوجوان نے تین مبینہ حملہ آوروں کے خلاف اپنے اوپر حملے کی شکایت درج کرائی تھی، بعد ازاں شاہد خان کی گاڑی میں موجود ایک ہندو لڑکی نے بھی پولیس میں شکایت درج کراتے ہوئے الزام لگایا کہ شاہد خان اسے اس کی مرضی کے خلاف اپنی کار میں بٹھا کر لے گیا تھا۔

لڑکی کی شکایت اور پولیس تھانے کے باہر کیے گئے احتجاج کے بعد پولیس نے شاہد خان کو گرفتار کرکے عدالتی تحویل میں کاروار جیل منتقل کر دیا۔ دوسری جانب شاہد خان کی جانب سے درج کرائی گئی مورل پولیسنگ اور حملے کی شکایت میں نامزد  تین افراد میں سے کسی کی گرفتاری کی اطلاع تاحال موصول نہیں ہوئی ہے۔


Share: