ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / اکھلیش یادو کا بی جے پی پر سخت حملہ: خواتین ریزرویشن بل کو سیاسی نعرہ بنانے اور عوام کو گمراہ کرنے کا الزام

اکھلیش یادو کا بی جے پی پر سخت حملہ: خواتین ریزرویشن بل کو سیاسی نعرہ بنانے اور عوام کو گمراہ کرنے کا الزام

Sun, 19 Apr 2026 19:41:18    S O News

لکھنؤ، 19/ اپریل (ایس او نیوز /ایجنسی) اترپردیش کے سابق وزیراعلیٰ اور سماجوادی پارٹی (ایس پی) کے سربراہ اکھلیش یادو نے ’ناری شکتی وندن ایکٹ‘ کو لے کر بی جے پی پر سخت حملہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ’ناری‘ (خاتون) کو ’نعرہ‘ بنانے کی کوشش میں تھی لیکن انہیں ان کے منصوبوں میں کامیاب نہیں ہونے دیا۔ انہوں نے سوال کیا کہ جب بی جے پی مردم شماری نہیں کرا سکتی تو وہ خواتین کو ریزرویشن کیسے دیں گے؟

اکھلیش یادو نے اتوار کے روز لکھنؤ میں کہا کہ اگر حکومت مردم شماری کراتی ہے تو ذات پات کی مردم شماری کا مسئلہ پیدا ہوگا تاہم یہ حکومت ان کا حق نہیں دینا چاہتی۔ ہم نصف آبادی کو حق دینا چاہتے ہیں لیکن یہ کون طے کرے گا کہ آدھی آبادی کون سی ہے؟ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اب حقیقی معنوں میں ملک کی نمائندگی کر رہا ہے۔ بی جے پی پہلے لوگوں کو چھوٹے گروپوں میں بانٹتی ہے اور پھر انہیں ڈراتی ہے اور کہتی ہے تم خطرے میں ہو، ہمارے ساتھ آ جاؤ۔ بی جے پی اقتدار حاصل کرنے کے لیے کسی بھی سطح تک گر سکتی ہے۔

ایس پی سربراہ نے مزید کہا کہ بی جے پی کا سی ایم ایف فارمولا یعنی’مصیبت اور خوف پیدا کرو‘ اب فیل ہو چکا ہے۔ ان کے ہتھکنڈے عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں۔ اس لیے ان کی شکست کا آغاز ہو چکا ہے۔ بی جے پی اب اتحاد کو تقسیم کرنے کے لیے خواتین کے بیچ کھیل کھیل رہی ہے۔ لیکن اب خواتین ہی بی جے پی کو ہرائیں گی، بی جے پی والے مردانہ طاقت پر یقین رکھتے ہیں۔

اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی کی ہر کوشش، ہر بل یا تو چند لوگوں کو فائدہ پہنچانے والا ہوتا ہے یا پھر دھوکہ ہوتاہے۔ اس بار بی جے پی اس بل کے ذریعے خواتین کے اتحاد میں دراڑ ڈال کر ان کو ٹھگنا چاہتی تھی لیکن اپوزیشن کے اتحاد نے ان کے منصوبوں کو ناکام بنا دیا۔ یہ بی جے پی کے خلاف ملک میں تنگ ہوچکی عوامی بیداری کی جیت ہے۔ خواتین ریزرویشن بل کی مدد سے بی جے پی ناری کو نعرہ بنانے کی کوشش کر رہی تھی۔ یہ بل حد بندی کی صورت میں بھی خواتین کا استحصال کرنے کے لیے آیا تھا۔


Share: