بھٹکل 14/اکتوبر (ایس او نیوز) : آنکھوں کے علاج کے لیے معروف ادارے پرساد نیترالیہ، اُڈپی کے نئے یونٹ کا بدھ کی شام بھٹکل میں افتتاح عمل میں آیا۔ ساگر روڈ پر واقع نائیک ہیلتھ سینٹر میں قائم اس یونٹ کا افتتاح اُڈپی کے پیجاور مٹھ کے شری شری شری وشوا پرسنّا تیرتھ سوامی کے ہاتھوں کیا گیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بھٹکل کے رکن اسمبلی اور کرناٹک اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر منکال ایس وئیدیا نے کہا کہ ضلع اُتر کنڑا میں معیاری طبی سہولتوں کی کمی کے باعث لوگوں کو علاج کے لیے پڑوسی اضلاع اُڈپی اور مینگلورو کا رخ کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروار میں سپر اسپیشالٹی اسپتال کے قیام کے بعد بھٹکل میں آنکھوں کے علاج کے لیے معروف ادارے پرساد نیترالیہ کے یونٹ کا آغاز ایک خوش آئند قدم ہے، جس سے مقامی لوگوں کو بہتر طبی سہولتیں فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کے صدر عنایت اللہ شاہ بندری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں اپنے گھر اور خاندان کے ساتھ ساتھ دوسروں، خصوصاً اپنے پڑوسیوں اور ہم سایوں کی فکر بھی کرنی چاہیے۔ انہوں نے ضرورت مندوں کے علاج معالجے میں تعاون اور ان کی مدد کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
پرساد نیترالیہ کے میڈیکل ڈائریکٹر اور بانی چیئرمین ڈاکٹر کرشنا پرساد نے بتایا کہ ادارہ گزشتہ 23 برس سے آنکھوں کے علاج کے شعبے میں خدمات انجام دے رہا ہے اور اس کے یونٹ مختلف علاقوں میں قائم ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بھٹکل میں نئے یونٹ کے آغاز کے ساتھ ادارے کا گیارہواں یونٹ شروع کیا گیا ہے۔
افتتاحی تقریب میں نائیک ہیلتھ سینٹر کے ڈاکٹروں سمیت مختلف شعبوں سے وابستہ افراد اور دیگر معززین موجود تھے۔