ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / کینیڈا میں 16 سال سے کم عمر بچوں کے لیے سوشل میڈیا پر پابندی کی راہ ہموار، نیا قانون متعارف

کینیڈا میں 16 سال سے کم عمر بچوں کے لیے سوشل میڈیا پر پابندی کی راہ ہموار، نیا قانون متعارف

Thu, 11 Jun 2026 11:18:56    S O News

ٹورانٹو، 11/جون (ایس او نیوز /ایجنسی)انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا پر بڑھتے خطرات سے بچوں کو محفوظ رکھنے کے لیے کینیڈا حکومت نے ایک نیا قانون پیش کیا ہے۔ اس کے تحت ملک میں 16 برس سے کم عمر کے بچوں کے لیے سوشل میڈیا اکاؤنٹ بنانے پر پابندی لگائی جا سکتی ہے۔ حالانکہ سوشل میڈیا کمپنیوں کو اس قانون سے رعایت مل سکتی ہے۔ اس کے لیے انہیں یہ ثابت کرنا ہوگا کہ ان کا پلیٹ فارم بچوں کے لیے محفوظ ہے اور وہاں ضروری سیکورٹی اقدامات موجود ہیں۔

کینیڈا کے وزیر ثقافت مارک ملر نے کہا کہ معاشرہ بچوں کو محفوظ رکھنے میں ناکام رہا ہے اور اب سخت قدم اٹھانے کا وقت آ گیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بچوں کے لئے بنیادی حفاظتی انتظامات یقینی بنائے جانے چاہئیں۔ مجوزہ قانون میں 7 قسم کے نقصاندہ آن لائن مواد کو شامل کیا گیا ہے۔ ان میں ایسے مواد شامل ہیں جو بچوں کو خود نقصان پہنچانے کے لیے اکساتے ہوں، تشدد کو فروغ دیتے ہوں، نفرت پھیلاتے ہوں یا کسی فرد کی ذاتی اور مباشرتی تصاویر کو اس کی اجازت کے بغیر شیئر کرتے ہوں۔

اس قانون کو نافذ کرنے اور اس کی نگرانی کے لیے کینیڈا حکومت ایک نیا محکمہ ’ڈیجیٹل سیفٹی کمیشن آف کینیڈا‘ بنائے گی۔ یہ محکمہ طے کرے گا کہ کسی سوشل میڈیا کمپنی کو رعایت دینے کے لیے کون کون سے سیکورٹی معیارات کو پورا کرنا ہوگا۔ حکومت نے کہا ہے کہ ان معیارات کی اطلاع بعد میں دی جائے گی۔ وزیر مارک ملر کے مطابق اس نئے محکمہ کو پوری طرح قائم ہونے میں تقریباً 18 ماہ لگ سکتے ہیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اب سوشل میڈیا کمپنیوں کو خود کو ثابت کرنا ہوگا کہ ان کے پلیٹ فارم بچوں کے لیے محفوظ ہیں۔ اس کے علاوہ صارفین کی عمر کی جانچ کرنے کے لیے ’ایج ویریفکیشن‘ کا بندوبست بھی نافذ کیا جائے گا۔  

کینیڈا سے پہلے آسٹریلیا، برازیل اور انڈونیشیا نے بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر عمر سے متعلق ضوابط نافذ کئے ہیں یا ان کا اعلان کر چکے ہیں۔ علاوہ ازیں برطانیہ، فرانس، اسپین، ڈنمارک، تھائی لینڈ اور جنوبی کوریا بھی ایسے ضوابط پر غور کر رہے ہیں۔ قانون کے مطابق بالغ مواد والے آن لائن پلیٹ فارم کو کسی بھی طرح کی رعایت نہیں ملے گی۔ نئے قانون میں اے آئی (مصنوعی ذہانت) چیٹ باٹ بنانے والی کمپنیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ یہ کمپنیاں قانونی طور پر ذمہ داری کے ساتھ کام کرنے کی پابند ہوں گی اور انہیں بحران کے حالات میں دخل جیسے تحفظات پر خاص دھیان دینا ہوگا۔

آسٹریلیا میں 16 برس سے کم عمر بچوں کے لیے سوشل میڈیا پر پابندی نافذ ہونے کے بعد کمپنیوں نے تقریباً 47 لاکھ ایسے اکاؤنٹ بند کر دیئے ہیں جو بچوں کے بتائے گئے تھے۔ وہاں اس قانون کے حوالے سے بڑی بحث بھی ہوئی تھی۔ کینیڈا حکومت کا کہنا ہے کہ وہ آسٹریلیا کے تجربات سے سیکھ کر اپنے قوانین نافذ کرے گی۔ کینیڈین سینٹر فار چائلڈ پروٹیکشن کی ایکزیکیوٹیو ڈائریکٹر لیانا میکڈونالڈ نے اس قدم کا خیر مقدم کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر بچوں کو بلیک میل کرنے اور جنسی استحصال سے متعلق معاملات میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اس لیے ایسے قانون کی ضرورت ہے۔


Share: