کولکاتہ ، 7/ اپریل (ایس او نیوز /ایجنسی)مغربی بنگال میں ہونے والے آئندہ اسمبلی انتخاب کے حوالے سے سیاسی سرگرمیاں اپنے عروج پر ہیں۔ سیاسی پارٹیوں نے اپنی اپنی تیاریاں تیز کر دی ہیں۔ اس درمیان پہلے مرحلہ کے لیے پیر (6 اپریل) کو کانگریس نے 40 اسٹار پرچارکوں کی فہرست جاری کر دی ہے۔ انتخابی مہم کو تیز کرنے کے لیے پارٹی نے اس فہرست میں قومی سطح سے لے کر ریاستی سطح تک کے سینئر لیڈران کو شمال کیا ہے، جو انتخابی میدان میں پارٹی کے حق میں ماحول بنانے کا کام کریں گے۔
کانگریس کی جانب سے جاری فہرست کے مطابق پارٹی کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے، کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن سونیا گاندھی، لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی اور جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا بنیادی طور پر اس مہم کی کمان سنبھالیں گے۔ اس کے علاوہ تنظیم کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال اور سینئر رہنما غلام احمد میر بھی انتخابی مہم میں سرگرم کردار ادا کریں گے۔
اسٹار پرچارکوں کی فہرست میں سبھاش سرکار، بی کے ہری پرساد، ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ سکھویندر سنگھ سکھو، راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت، مکل واسنک، رندیپ سنگھ سرجے والا اور ادھیر رنجن چودھری جیسے لیڈروں کو بھی جگہ دی گئی ہے۔ ان کے علاوہ فہرست میں سلمان خورشید، ششی تھرور، سچن پائلٹ، دیپا داس منشی، سید نصیر حسین، پروفیسر پردیپ بھٹاچاریہ، ڈی پی رائے، عیسیٰ خان چودھری، طارق انور، محمد جاوید، گورو گوگوئی اور کے ایل شرما کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
کانگریس نے 40 اسٹار پرچارکوں کی فہرست میں عمران پرتاپ گڑھی، عمران مسعود، سدیپ رائے برمن، کنہیا کمار، الکا لامبا، ادے بھانو چِب، بی پی سنگھ، امبا پرساد، پونگولیٹی سری نواس ریڈی، شکیل احمد خان، محمد اظہر الدین، دیپکا پانڈے سنگھ، امیتابھ چکرورتی، منیش تمانگ اور عرفان انصاری کو بھی شامل کیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ مغربی بنگال میں رواں ماہ 2 مرحلوں میں اسمبلی انتخاب کرائے جائیں گے۔ پہلے مرحلہ میں 23 اپریل اور دوسرے مرحلہ میں 29 اپریل کو ووٹ ڈالے جائیں گے، جبکہ انتخاب کے نتائج 4 مئی کو جاری کیے جائیں گے۔