ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ایندھن بحران اور خطے کی صورتحال کے باعث ایئر انڈیا کا بڑا فیصلہ: 29 بین الاقوامی روٹس پر پروازیں کم، کچھ عارضی طور پر بند

ایندھن بحران اور خطے کی صورتحال کے باعث ایئر انڈیا کا بڑا فیصلہ: 29 بین الاقوامی روٹس پر پروازیں کم، کچھ عارضی طور پر بند

Thu, 14 May 2026 11:40:12    S O News

نئی دہلی ، 14/ مئی (ایس او نیوز /ایجنسی)ایئر انڈیا ایئرلائنز نے 29 بین الاقوامی ہوائی راستوں پر اپنی پروازوں میں عارضی تبدیلی اور کمی کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس تعلق سے ایئرلائن نے 13 مئی کو اعلان کیا اور یہ بھی مطلع کیا کہ تبدیلیاں آئندہ ماہ، یعنی جون سے نافذ ہوں گی جو اگست تک جاری رہیں گی۔ پروازوں کے آپریشن میں تبدیلی اور کمی کے پیچھے مغربی ایشیا میں جاری تنازعہ کے سبب بعض علاقوں میں مسلسل فضائی حدود بند رہنا اور جیٹ فیول کی قیمتوں کا ریکارڈ سطح تک بڑھ جانا اہم وجہ بتایا گیا ہے۔

ایئرلائن نے کہا ہے کہ بحران والے حالات کی وجہ سے کئی بین الاقوامی روٹس پر پروازوں کا آپریشن تجارتی طور پر مشکل ہو گیا ہے۔ ایسے میں ان تبدیلیوں کا بنیادی مقصد نیٹورک کو زیادہ مستحکم بنانا اور مسافروں کو آخری وقت میں ہونے والی پریشانی سے بچانا ہے۔ تاہم ایئر انڈیا نے کہا ہے کہ ان کمیوں کے باوجود ایئرلائن ہر ماہ 1200 سے زیادہ بین الاقوامی پروازیں چلاتی رہے گی۔ ایئرلائن کا نیٹورک 5 براعظموں تک پھیلا رہے گا، جس میں شمالی امریکہ کے لیے ہر ہفتے 33 پروازیں، یوروپ کے لیے 47 پروازیں، برطانیہ کے لیے 57 پروازیں، آسٹریلیا کے لیے 8 پروازیں، اور جنوب مشرقی ایشیا، دور دراز مشرق، سارک ممالک اور افریقی ملک ماریشس کے لیے ہر ہفتے 158 پروازیں شامل ہوں گی۔

ایئر انڈیا نے مطلع کیا کہ اس دوران جن مسافروں کی بکنگ منسوخ ہوگی یا کسی بھی طرح متاثر ہوگی، انہیں متبادل پروازوں میں ایڈجسٹ کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ تاریخ تبدیل کرنے کی مفت سہولت یا مکمل رقم واپسی کا اختیار بھی دیا جائے گا۔ مسافروں کی مدد کے لیے ایئرلائن کا کانٹیکٹ سینٹر اور ڈیجیٹل خدمات ہفتہ کے ساتوں دن اور چوبیسوں گھنٹے دستیاب رہیں گی۔

شمالی امریکہ میں دہلی-شکاگو پرواز سروس عارضی طور پر بند رہے گی جبکہ دہلی-سان فرانسسکو کی پروازیں ہفتہ وار 10 سے کم کر کے 7 کر دی جائیں گی۔ دہلی-ٹورنٹو پروازیں جولائی تک 10 سے کم کر کے 5 ہفتہ وار رہیں گی تاہم اگست سے یہ دوبارہ روزانہ ہو جائیں گی، جبکہ دہلی-وینکوور پروازیں 7 سے کم کر کے 5 کر دی جائیں گی۔ ممبئی-نیوارک پروازیں ہفتہ وار 3 سے بڑھا کر 7 کی جائیں گی، جبکہ دہلی-نیویارک (جے ایف کے) کے درمیان ہفتہ وار 7 پروازیں جاری رہیں گی، البتہ دہلی-نیوارک اور ممبئی-نیویارک (جے ایف کے) کے درمیان پروازیں عارضی طور پر بند رہیں گی۔ یورپ میں دہلی-پیرس کی پروازیں 14 سے کم ہو کر 7، دہلی-کوپن ہیگن 4 سے کم ہو کر 3، دہلی-میلان 5 سے کم ہو کر 4، دہلی-ویانا 4 سے کم ہو کر 3، اور دہلی-زیورخ و دہلی-روم کی پروازیں بھی 4 سے کم ہو کر 3 ہفتہ وار رہ جائیں گی۔ آسٹریلیا میں دہلی-میلبورن اور دہلی-سڈنی کی پروازیں 7 سے کم ہو کر 4 ہفتہ وار کر دی گئی ہیں۔

علاوہ ازیں دی گئی جانکاری کے مطابق دہلی-شنگھائی کے درمیان اگست تک پروازیں بند رہیں گی۔ دہلی-سنگاپور پروازیں ہفتہ وار 24 سے کم ہو کر 14 رہ گئی ہیں۔ ممبئی-سنگاپور 14 سے کم ہو کر 7 پر آ گئی ہیں۔ چنئی-سنگاپور اگست تک مکمل طور پر بند رہے گی۔ دہلی-بینکاک 28 سے کم ہو کر 21، ممبئی-بینکاک 13 سے کم ہو کر 7، اور دہلی-کوالالمپور 10 سے کم ہو کر 5 پروازیں ہفتہ وار رہ گئی ہیں۔ اس کے علاوہ دہلی-ہو چی منھ سٹی کے درمیان جولائی اور اگست میں پروازیں 7 سے کم ہو کر 4 رہ جائیں گی۔ دہلی-ہنوئی کے درمیان بھی جولائی اور اگست میں ہفتہ وار 5 سے کم ہو کر 4 پروازیں رہ جائیں گی۔


Share: