دبئی ، 10/نومبر (ایس او نیوز/پریس ریلیز) گلف میڈیکل یونیورسٹی (جی ایم یو) عجمان نے اپنے قیام کے 28 سال مکمل ہونے پر آج ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا، جس میں یونیورسٹی کے بانی صدر اور تھمبے گروپ کے بانی ڈاکٹر تھمبے محی الدین نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ اس موقع پر یونیورسٹی کی قیادت، اساتذہ، عملہ، طلبہ اور سابق طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔ تقریب میں یونیورسٹی کے طویل تعلیمی سفر، بین الاقوامی سطح پر حاصل ہونے والی کامیابیوں اور مستقبل کے عزائم کو اجاگر کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر تھمبے محی الدین نے کہا کہ آج جب وہ اس اجتماع میں موجود طلبہ کو دیکھتے ہیں تو انہیں ایسے بچے بھی نظر آتے ہیں جو تھمبے گروپ کے اسپتالوں میں پیدا ہوئے، ایسے سابق طلبہ بھی دکھائی دیتے ہیں جنہوں نے دوبارہ اسی ادارے سے وابستہ ہونا پسند کیا اور ان کے بچے بھی آج یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ادارے کی بنیاد خطے اور پوری دنیا کی ضروریات کو سامنے رکھتے ہوئے رکھی گئی تھی اور یہ سفر ابھی جاری ہے۔ انہوں نے اپنی کامیابی پر اللہ تعالیٰ، متحدہ عرب امارات کے حکمرانوں، اپنی محنتی ٹیم اور اہل خانہ کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے ہر مرحلے پر ان کا ساتھ دیا۔
جی ایم یو کے چانسلر پروفیسر منڈا وینکٹ رمن نے اپنے خطاب میں کہا کہ یونیورسٹی کے 28 سالہ سفر میں میڈیکل تعلیم، تحقیق، صحت کی خدمات اور جدت کے شعبوں میں مسلسل معیار کو برقرار رکھنے کی کوشش کی گئی ہے۔ بین الاقوامی منظوریوں، عالمی درجہ بندی، تحقیقی سرگرمیوں اور تعلیمی توسیع کے میدان میں حاصل ہونے والی کامیابیوں نے یونیورسٹی کی عالمی شناخت کو مزید مضبوط کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی صحت کی تعلیم اور طبی خدمات کے مستقبل کو بہتر بنانے کے اپنے وژن پر مسلسل آگے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے اس کامیابی کا سہرا اساتذہ، عملے اور طلبہ کو دیتے ہوئے کہا کہ ادارے کی بہترین کامیابیاں ابھی آنا باقی ہیں۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے صدر اور چانسلر نے نومنتخب اسٹوڈنٹ کونسل ایگزیکٹیو بورڈ کے اراکین کو اعزاز سے نوازا۔
واضح رہے کہ یہ سال گلف میڈیکل یونیورسٹی کی تاریخ میں بین الاقوامی سطح پر سب سے زیادہ شناخت اور اعزازات حاصل کرنے والا سال ثابت ہوا ہے۔ ٹائمز ہائر ایجوکیشن (THE) ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ 2027 میں پہلی مرتبہ شامل ہونے والی جی ایم یو نے 1001 سے 1200 کے درمیان مقام حاصل کیا، جبکہ بین الاقوامی روابط اور عالمی تناظر (International Outlook) کے شعبے میں دنیا بھر میں پہلا مقام حاصل کیا۔ یونیورسٹی نے اس شعبے میں 99.4 اسکور حاصل کیا، جو 118 ممالک اور خطوں کی 2,297 یونیورسٹیوں میں سب سے زیادہ ہے۔ اس درجہ بندی میں جی ایم یو متحدہ عرب امارات کی واحد خصوصی میڈیکل اور ہیلتھ سائنسز یونیورسٹی ہے۔
اسی طرح کیو ایس ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ: عرب ریجن 2027 میں جی ایم یو نے 125 واں مقام حاصل کیا اور بین الاقوامی طلبہ کے تناسب کے اعتبار سے پورے عرب خطے میں پہلا مقام حاصل کیا۔ یونیورسٹی کے کالج آف فارمیسی نے کیو ایس ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ بائی سبجیکٹ 2026 میں فارمیسی اینڈ فارماکولوجی کے شعبے میں 351 سے 400 کے درمیان جگہ بنائی۔ اس زمرے میں متحدہ عرب امارات کی صرف پانچ یونیورسٹیوں کو شامل کیا گیا ہے۔ مزید برآں، THE عرب یونیورسٹی رینکنگ 2027 میں جی ایم یو نے 88 واں مقام حاصل کیا ہے۔
یونیورسٹی کو جون 2026 میں برطانیہ کے کوالٹی ایشورنس ایجنسی فار ہائر ایجوکیشن (QAA) کی جانب سے ادارہ جاتی منظوری بھی حاصل ہوئی، جو 2031 تک مؤثر رہے گی۔ اس منظوری کے تحت یونیورسٹی نے یورپی معیارات اور رہنما اصولوں کے تمام 10 تقاضوں کو بغیر کسی شرط کے پورا کیا ہے۔
28 سال کے اس سفر میں گلف میڈیکل یونیورسٹی نے تعلیمی میدان میں بھی نمایاں توسیع کی ہے۔ فی الحال یونیورسٹی کے تحت 7 کالج اور 45 منظور شدہ تعلیمی پروگرام چلائے جارہے ہیں، جہاں 117 سے زائد قومیتوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ تعلیم حاصل کررہے ہیں، جبکہ تدریسی عملہ 56 مختلف ممالک سے تعلق رکھتا ہے۔ یونیورسٹی سے اب تک 5,000 سے زائد طلبہ فارغ التحصیل ہوچکے ہیں، جو دنیا کے مختلف ممالک کے صحت کے نظام میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
یونیورسٹی کی تعلیمی اور طبی سرگرمیوں کو مزید تقویت تھمبے گروپ کے وسیع تعلیمی طبی نظام سے حاصل ہے، جس کے تحت 7 تعلیمی اسپتال قائم ہیں، جہاں تربیت کے لیے 3,100 سے زائد بستروں کی سہولت موجود ہے۔ اس کے علاوہ دنیا کی 75 سے زائد یونیورسٹیوں کے ساتھ بین الاقوامی شراکت داری بھی قائم ہے۔ تھمبے ہیلتھ کیئر کو جوائنٹ کمیشن انٹرنیشنل (JCI) کی جانب سے انٹرپرائز ایکریڈیٹیشن حاصل ہے۔ یہ اعزاز حاصل کرنے والا وہ متحدہ عرب امارات کا پہلا گروپ اور دنیا کے صرف پانچ گروپوں میں شامل ہے۔ خطے کے سب سے بڑے نجی تعلیمی اسپتال تھمبے یونیورسٹی ہاسپٹل میں اب تک 175 سے زائد قومیتوں سے تعلق رکھنے والے مریضوں کا علاج کیا جاچکا ہے۔
واضح رہے کہ گلف میڈیکل یونیورسٹی کا قیام 1998 میں تھمبے گروپ کے زیر اہتمام عجمان میں عمل میں آیا تھا۔ یونیورسٹی میں میڈیسن، ڈینٹسٹری، فارمیسی، نرسنگ، ہیلتھ سائنسز، مینجمنٹ، ہیلتھ کیئر میں مصنوعی ذہانت اور ویٹرنری میڈیسن سمیت مختلف شعبوں میں تعلیم فراہم کی جاتی ہے۔ طلبہ کو عملی طبی تربیت تھمبے گروپ کے تعلیمی طبی نظام، بشمول تھمبے یونیورسٹی ہاسپٹل کے ذریعے فراہم کی جاتی ہے۔