ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ملک کے کئی حصوں میں موسلادھار بارش، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ برقرار

ملک کے کئی حصوں میں موسلادھار بارش، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ برقرار

Mon, 17 Aug 2026 11:14:26    S O News

نئی دہلی، 17/ اگست (ایس او نیوز /ایجنسی) ہندوستان کے کئی حصوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے اور اس کے باعث کہیں سیلاب جیسے حالات پیدا ہو گئے ہیں تو کہیں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ جموں و کشمیر کے ڈوڈہ میں شدید بارش کے بعد دریاؤں اور ندی نالوں کی سطح آب تیزی سے بڑھی ہے۔ اڈیشہ کے میوربھنج میں بھی مسلسل بارش اور دریاؤں کی بڑھتی ہوئی سطح آب نے نشیبی علاقوں کے لیے خطرہ بڑھا دیا ہے۔ سکم میں حالیہ لینڈ سلائیڈنگ کے بعد متاثرہ خاندانوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ جنوب میں تمل ناڈو کے کئی اضلاع میں شدید بارش، آندھی اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ راجدھانی دہلی میں بھی اگلے 6 دنوں تک موسم میں تبدیلی کا امکان ہے۔

جموں و کشمیر کے ڈوڈہ ضلع کے بھلیسا گندوہ علاقہ میں تازہ بارش کے بعد سیلاب جیسے حالات پیدا ہو گئے ہیں۔ بارش کے باعث بازاروں، سڑکوں، ندی نالوں اور دریاؤں میں پانی کی سطح تیزی سے بڑھ گئی ہے۔ چناب ندی بھی بلند سطح آب کے ساتھ بہہ رہا ہے۔ ایسے حالات میں نشیبی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کی مشکلات بڑھ سکتی ہیں۔ تیز بہاؤ والے پانی میں گاڑی چلانا یا ندی نالوں اور دریاؤں کے قریب جانا خطرناک ہو سکتا ہے۔ مسلسل بارش کے دوران پانی کی سطح پر نظر رکھنا ضروری ہو گیا ہے۔

دوسری طرف اڈیشہ کے میوربھنج ضلع میں مسلسل شدید بارش اور دریاؤں کی بڑھتی ہوئی سطح آب کے باعث سیلاب کا خطرہ سنگین بنا ہوا ہے۔ نشیبی علاقوں میں پانی بڑھنے سے لوگوں کی پریشانی بڑھ سکتی ہے۔ اسی دوران خلیج بنگال کے اوپر بننے والے نئے کم دباؤ والے علاقہ کے باعث آنے والے دنوں میں بارش مزید تیز ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ اس کا اثر پہلے ہی بارش کا سامنا کر رہے علاقوں پر پڑ سکتا ہے۔ ایسے میں میوربھنج کے حساس اور نشیبی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کے لیے محتاط رہنا ضروری ہو گیا ہے۔

اڈیشہ کے کیندرپاڑہ ضلع میں قومی شاہراہ-53 کا تقریباً 100 میٹر حصہ اتوار کو دھنس گیا۔ یہ حصہ پارادیپ بندرگاہ کو جاجپور کے معدنیات سے مالا مال علاقوں سے جوڑتا ہے۔ حکام نے بتایا کہ مسلسل بارش کے باعث یہ واقعہ پیش آیا۔ یہ واقعہ مارشگھائی پولیس تھانے کے علاقے میں نیلاچل بازار کے قریب پیش آیا۔ اس سے مقامی لوگوں میں تشویش پھیل گئی۔ زیر تعمیر حصے پر کھڑے 3 ٹرک دھنسنے کے بعد ایک گڑھے میں جا گرے۔ پولیس نے بتایا کہ ٹرکوں میں ڈرائیور یا ہیلپر موجود نہیں تھے، اس لیے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ این ایچ اے آئی کے بھونیشور علاقائی دفتر کے ایک سینئر افسر نے سڑک دھنسنے کی وجہ طویل عرصے تک پانی جمع رہنے کو بتایا۔ انہوں نے کہا کہ ٹرک وہاں پارک کرنے کے لیے مجاز نہیں تھے۔ یہ متاثرہ حصہ این ایچ-53 کی تعمیر نو اور توسیع کے منصوبے کا حصہ ہے۔

اُدھر سکم کے گیال شنگ ضلع میں حالیہ لینڈ سلائیڈنگ کے بعد انتظامیہ نے متاثرہ خاندانوں کو فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ یہ کارروائی یکسوم سب ڈویژن کے 11-رمبی تمبرونگ جی پی یو علاقے میں کی گئی ہے۔ پہاڑی علاقوں میں مسلسل بارش ہونے پر لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ ایسے میں متاثرہ خاندانوں کو حساس مقامات سے منتقل کرنا حفاظتی نقطۂ نظر سے ایک اہم قدم ہے۔ بارش کے دوران پہاڑی سڑکوں اور ڈھلانوں پر بھی خطرہ بڑھ سکتا ہے، اس لیے مقامی انتظامیہ کی وارننگ کو سنجیدگی سے لینا ضروری ہے۔

تمل ناڈو کی بات کریں، تو وہاں آنے والے دنوں میں بارش کا اثر بڑھنے کا امکان ہے۔ چنگل پٹو، کانچی پورم، ولّوپورم اور تروونّاملائی اضلاع میں بعض مقامات پر شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ بارش کے ساتھ گرج، چمک اور تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔ تمل ناڈو، پڈوچیری اور کاری کال کے باقی حصوں میں بھی بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ مغربی گھاٹ سے متصل علاقوں کے علاوہ چنئی، تروولور اور کڈلور سمیت 16 اضلاع میں درمیانی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اس سے کچھ علاقوں میں حبس سے راحت مل سکتی ہے، لیکن پانی جمع ہونے کی پریشانی بھی پیدا ہو سکتی ہے۔

دہلی-این سی آر میں بھی اگلے 6 دنوں تک موسم کا مزاج بدلا ہوا رہنے کا امکان ہے۔ 17 سے 22 اگست کے درمیان آسمان پر عام طور پر بادل چھائے رہ سکتے ہیں اور مختلف دنوں میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ 17 اگست کو صبح سے دوپہر کے درمیان بہت ہلکی بارش کے ساتھ شام اور رات میں بوندا باندی کے امکانات ہیں۔ 18 اگست کو بھی کئی مرتبہ بہت ہلکی سے ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ 19 اور 20 اگست کو بارش کی سرگرمیوں میں اضافہ ہونے کا امکان ہے۔ ان دنوں بعض مقامات پر درمیانی بارش بھی ہو سکتی ہے۔ 21 اور 22 اگست کو ایک بار پھر ہلکی بارش کا سلسلہ رہنے کا امکان ہے۔ اس دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے 35 اور کم سے کم 22 سے 26 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہ سکتا ہے۔


Share: