ہوناور ،19 / اپریل (ایس او نیوز) شہر کے بستی کیری روڈ پر بے پروائی اور تیز رفتاری کی وجہ سے موٹر بائک سڑک پر پھسل گئی جس کے نتیجے میں پچھلی سیٹ پر سوار شخص کی موت واقع ہوگئی ۔
حادثے میں فوت ہونے والے شخص کا نام نگر بستی کے رہنے والے سنتوش سنّو امبیگا (38 سال) کے طور پر کی گئی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ جس وقت یہ حادثہ پیش آیا جگدیش اپنی موٹر بائک پر سنتوش کو بٹھا کر نگر بستی کیری سے گیرو سوپّا سرکل کی طرف جا رہا تھا ۔ اس دوران تیز رفتاری کی وجہ سے بائک بے قابو ہوگئی اور وہ سڑک پر پھسل گئی ۔ اس کے نتیجے میں سنتوش امبیگا زخمی ہوگیا تھا اور اس کے سر، آنکھ اور چہرے پر شدید چوٹ لگی ۔ جبکہ جگدیش بھی زخمی ہوگیا ۔
فوری طور پر دونوں زخمیوں کو ہوناور تعلقہ اسپتال میں داخل کیا گیا ۔ اس کے بعد گہری چوٹیں آنے کی وجہ سے سنتوش کو بہتر علاج کے لئے منگلورو کے اسپتال میں منتقل کرنے کی کوشش کی گئی مگر اسپتال پہنچے پر ڈاکٹروں نے راستے میں ہی اس کی موت واقع ہونے کی تصدیق کی ۔
بائک چلا رہے جگدیش گوپال نائک کے خلاف ہوناور پولیس اسٹیشن میں کیس درج کیا گیا ہے ۔