ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / جبل پور کروز سانحہ: مزدور رمضان کی بہادری، 25 فٹ گہرائی میں چھلانگ لگا کر 6 افراد کو نکالا، 4 زندگیاں بچ گئی

جبل پور کروز سانحہ: مزدور رمضان کی بہادری، 25 فٹ گہرائی میں چھلانگ لگا کر 6 افراد کو نکالا، 4 زندگیاں بچ گئی

Sun, 03 May 2026 18:43:06    S O News

جبل پور ، 3/ مئی (ایس او نیوز /ایجنسی)جمعہ کو برگی ڈیم میں کروز کے ڈوب  جانے کے دل دوز سانحہ کے دوران چند گم نام ہیرو ایسے بھی سامنے آئے جنہوں نے اپنی جان کی پروا کئے  بغیرطوفان اور تیز ہواؤں کےبیچ  پانی میں چھلانگ لگا دی اور ایک درجن سے زائد لوگوں کی جان بچا ئی۔ یہ وہ مزدور ہیں جو قریب ہی زیر تعمیر پل پر کام کررہے تھے۔ان میں  رمضان کا نام بطور خاص موضوع بحث ہے جس نے اپنے کمر پر رسی باندھی، 25فٹ کی اونچائی سے ڈیم میں چھلانگ لگائی اوراپنی جان پر کھیل کر  ڈوبتےہوئے6افراد کو گھسیٹ کر باہر نکالا۔ ان میں  سے 4 کی جانچ بچ گئی جبکہ 2نے دم توڑ دیا۔

مزدور مدد پہنچنے سے پہلے کروز کے متاثرین کو بچانے میں  جٹ گئے تھے۔22سالہ رمضان  جن کا تعلق مغربی بنگال سے ہے، کی بہادری کے چرچے جبل پور میں ہرزبان پر ہیں۔عینی شاہدین کے مطابق رمضان نے انتہائی بہادری اور حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار افراد کو ڈوبنے سے بچایا اور کنارے تک پہنچایا۔ ان کی اس جرأت مندی کے بعد مقامی لوگ انہیں ڈوبتے لوگوں کو بچانے والا  ’’فرشتہ‘‘قرار دے رہے ہیں۔ اپنی کمر پر رسی باندھ کر 25 فٹ اونچائی سے ندی میں کود جانےوالے رمضان نے ٹائمز آف انڈیا سے بات چیت میں بتایا کہ ’’ جیسے ہی میں دیکھا کہ کشتی ڈوب رہی ہے تو کچھ سوچے بغیر میں نے رسی لی اور کود گیا۔‘‘بچانے والے مزدوروں میں رمضان کے علاوہ بہار کے چمپارن ضلع کے بندرا کمار یادو (28سال) بھی   شامل تھے۔ا نہوں نے  بتایا کہ اس وقت 35 مزدور کام کررہے تھے۔ مزدوروں میں شامل 18 سالہ راج کمار جن کا تعلق یوپی سے ہے،  نےبتایا کہ ’’جب کروز ڈوب رہی تھی تب بھی  اس میں کچھ لوگو موجود تھے۔ ہم نے جتنے ممکن ہوسکے اتنے لوگوں کو باہر نکالا۔ ‘‘ یاد رہے کہ اس حادثے کے 25متاثرین کو بحفاظت نکالنےمیں کامیابی ملی۔

 برگی ڈیم سانحہ میں ہلاک ہونےوالوں کی تعداد سنیچر کی شام ایک بچے کی لاش برآمد ہونے کے بعد 10 ہوگئی ہے جبکہ 3 لاپتہ سیاحوں کی تلاش جاری ہے۔ ریاستی محکمہ سیاحت کے زیر انتظام چلنے والی یہ کشتی جمعہ کی شام طوفان کے دوران الٹ گئی تھی۔ بعض بچ جانے والے افراد نے لاپروائی اور حفاظتی انتظامات میں کوتاہی،  جن   میں  بروقت لائف جیکٹ تقسیم نہ کیا جانا شامل ہے، کے الزامات عائد کئے ہیں۔ سنیچر کی شام برآمد ہونے والی لاش 6سالہ بچی کی ہے جس کی شناخت ویراج سونی  کے طور پر ہوئی ہے۔


Share: