ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اسپورٹس / تھائی لینڈ میں فٹبال میچ کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے کھلاڑی کی موت 12 زخمی

تھائی لینڈ میں فٹبال میچ کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے کھلاڑی کی موت 12 زخمی

Fri, 07 Aug 2026 12:17:34    S O News
تھائی لینڈ میں فٹبال میچ کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے کھلاڑی کی موت 12 زخمی

بنکاک 6/اگست (ایس او نیوز): جنوبی تھائی لینڈ میں فٹبال کا ایک مقامی مقابلہ اس وقت المناک حادثے میں تبدیل ہوگیا جب میچ کے دوران میدان پر آسمانی بجلی گرنے سے 24 سالہ تھائی فٹبالر صفوان آوے کی موت واقع ہوگئی، جبکہ 12 دیگر کھلاڑی زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں ایک ملائیشین فٹبالر بھی شامل ہے۔ حادثے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد واقعے نے عالمی سطح پر توجہ حاصل کی ہے۔

مختلف میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ حادثہ 4 اگست کی شام تقریباً ساڑھے پانچ بجے تھائی لینڈ کے جنوبی صوبے ناراتھیوات کے شہر سنگائی کولک کے سنتی فاپ اسٹیڈیم میں گولک ایف اے کپ کے سیمی فائنل مقابلے کے دوران پیش آیا۔ اس وقت علاقے میں شدید بارش اور گرج چمک کا سلسلہ جاری تھا۔

رپورٹس کے مطابق صفوان آوے تھائی لینڈ کے تیسرے درجے کے کلب یالا ایف سی کے ونگر تھے اور انہوں نے حادثے سے چند روز قبل ہی کلب میں شمولیت اختیار کی تھی۔ وہ ٹورنامنٹ میں Abu x Nong Sirin کے خلاف کھیلنے والی ٹیم کے لیے میدان میں موجود تھے۔

میچ جاری تھا کہ اچانک آسمانی بجلی میدان پر گری۔ ویڈیو میں بجلی کی تیز چمک اور دھماکے کے بعد کھلاڑیوں کو میدان میں گرتے اور خوف زدہ ہوکر ادھر ادھر بھاگتے دیکھا جاسکتا ہے۔ صفوان آوے شدید متاثر ہوکر میدان میں گر پڑے، جس کے بعد ساتھی کھلاڑیوں نے فوری طور پر انہیں طبی امداد دینے کی کوشش کی۔

پولیس کے مطابق ایمرجنسی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر فٹبالر کو بچانے کی بھرپور کوشش کی، تاہم وہ شدید زخموں کے باعث جانبر نہ ہوسکے۔ حادثے میں زخمی ہونے والے 12 افراد کو علاج کے لیے سنگائی کولک اسپتال منتقل کیا گیا، جن میں 22 سالہ ملائیشین کھلاڑی محمد علیف عزہان ذوالکفلی بھی شامل ہیں۔

حادثے کے بعد یالا ایف سی اور تھائی لینڈ کی فٹبال ایسوسی ایشن نے صفوان آوے کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ اور کلب سے تعزیت کی ہے۔

اس المناک واقعے نے خراب موسمی حالات میں کھلے میدانوں میں کھیلوں کے انعقاد اور کھلاڑیوں کی حفاظت کے انتظامات پر بھی سوالات کھڑے کردیئے ہیں۔ ماہرین کے مطابق گرج چمک کے دوران کھلے میدان میں موجود کھلاڑی، عملہ اور تماشائی آسمانی بجلی کے خطرے سے دوچار ہوسکتے ہیں، جس کے پیش نظر ایسے حالات میں کھیل روکنا اور محفوظ مقام پر منتقل ہونا ضروری سمجھا جاتا ہے۔

Click here to watch video 


Share: