ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ممتا بنرجی کا بی جے پی پر سنگین الزام: مرکزی فورسز کے ذریعے فرضی ووٹنگ کی سازش، عوام کو ہوشیار رہنے کی اپیل

ممتا بنرجی کا بی جے پی پر سنگین الزام: مرکزی فورسز کے ذریعے فرضی ووٹنگ کی سازش، عوام کو ہوشیار رہنے کی اپیل

Thu, 23 Apr 2026 12:16:14    S O News

کولکاتہ ، 23/ اپریل (ایس او نیوز /ایجنسی)مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کی ووٹنگ سے عین قبل وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بدھ کے روز سنگین الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی مرکزی فورسز کا استعمال کر کے فرضی ووٹنگ کرانے کی کوشش کرے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایسے کسی بھی عمل کا حصہ نہ بنیں اور ووٹنگ کے دن مکمل ہوشیاری اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں تاکہ جمہوری حق پر کوئی آنچ نہ آئے۔

ہوگلی ضلع کے ہری پال میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے ووٹروں پر زور دیا کہ وہ اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کسی دباؤ، خوف یا مداخلت کے بغیر کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو خود اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ ووٹنگ شفاف اور منصفانہ طریقے سے ہو اور کوئی طاقت ان کے فیصلے کو متاثر نہ کر سکے۔

اپنی تقریر میں ممتا بنرجی نے مرکزی فورسز پر بھی سوال اٹھائے اور کہا کہ بڑی تعداد میں فورسز کو تعینات کیا گیا ہے، جن کا استعمال بی جے پی اپنے سیاسی مفاد کے لیے کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ فورسز کا احترام کرتی ہیں کیونکہ وہ ملک کی حفاظت کرتی ہیں، لیکن اگر ان کے ذریعے سیاسی نعرے لگائے جا رہے ہیں تو یہ انتہائی تشویش کی بات ہے۔ ان کے مطابق اس طرح کے اقدامات جمہوری عمل کو متاثر کر سکتے ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ اگر ووٹنگ کے دوران خواتین کے ساتھ کسی بھی طرح کی غیر مناسب جانچ یا برتاؤ کیا جاتا ہے تو قانونی راستہ اختیار کیا جائے، لیکن کسی بھی صورت میں تشدد یا ہنگامہ آرائی کا سہارا نہ لیا جائے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پرامن طریقے سے بڑی تعداد میں ووٹنگ میں حصہ لیں اور جمہوریت کو مضبوط کریں۔

ممتا بنرجی نے مرکزی حکومت پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اس وقت مرکز میں کمزور حیثیت میں ہے اور اس کی حکومت زیادہ دن قائم نہیں رہ سکے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حالیہ لوک سبھا انتخابات میں عوام نے بی جے پی کو سبق سکھایا ہے اور موجودہ حکومت چند لوگوں کی حمایت پر قائم ہے۔

انہوں نے اقلیتی برادری کے افراد سے خصوصی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ حج پر روانگی سے قبل اپنا ووٹ ضرور ڈالیں۔ ان کے مطابق 27 اپریل سے حج پروازوں کا آغاز ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب 29 اپریل کو ووٹنگ ہونی ہے، جو ایک سوچی سمجھی حکمت عملی ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ ڈالے بغیر سفر نہ کریں اور پہلے جمہوری ذمہ داری ادا کریں۔

واضح رہے کہ مغربی بنگال میں دو مرحلوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کے تحت جمعرات کو 16 اضلاع کی 152 نشستوں پر ووٹنگ ہوگی۔ اس دوران سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں اور مرکزی فورسز کی بڑی تعداد تعینات کی گئی ہے تاکہ انتخابی عمل کو پرامن بنایا جا سکے۔


Share: