ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو: مچھلی کے شکار پر نکلا 17 سالہ لڑکا پانی کے گڑھے میں ڈوب کر ہلاک

منگلورو: مچھلی کے شکار پر نکلا 17 سالہ لڑکا پانی کے گڑھے میں ڈوب کر ہلاک

Sun, 19 Apr 2026 12:43:26    S O News
Srujan

منگلورو، 19 اپریل (ایس او نیوز ) کوناجے پولیس اسٹیشن حدود کے اندر امبلاموگارو زری میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں ایک 17 سالہ لڑکا پانی سے بھرے گڈھے میں ڈوب کر فوت ہوگیا ۔

متوفی کی شناخت اسی کے علاقے رہنے والے شیورام کے بیٹے سروجن  کے طور پر کی گئی ہے ۔ معلوم ہوا ہے کہ ہفتہ کی دوپہر کو سروجن اور اس کے تین دوست مچھلی پکڑنے امبلاموگارو زری گئے تھے ۔ مچھلی کے شکار کا سیشن ختم کرنے کے بعد دوستوں کا یہ گروپ اپنے ہاتھ پاؤں دھونے کے لیے ایک قریبی گڈھے پر گیا، جو اینٹ بنانے کے لیے کھودا گیا تھا اور اس میں پانی بھرا ہوا تھا ۔  ہاتھ پاوں

دھونے کے دوران سروجن کا پاؤں پھسل گیا اور گہرے پانی میں گر گیا ۔ اس کے ایک دوست نے اس کا ہاتھ پکڑ کر اسے باہر نکالنے کی پوری کوشش کی لیکن سروجن پانی کے اندر پھسلتا چلا گیا ۔ یہاں تک بچانے کی کوشش کرنے والا دوست بھی پھسلنے لگا مگر دوسرے دو لڑکے اسے پیچھے کھینچ لینے میں کامیاب ہوگئے اور سروجن گہرے پانی میں ڈوبتا چلا گیا ۔
    
حادثے سے خوفزدہ ہو کر تینوں دوست موقع سے فرار ہو گئے اور کسی کو بتائے بغیر اپنے گھروں کو لوٹ گئے ۔ جیسے ہی شام ہونے لگی اور سروجن گھر واپس نہ لوٹا ، پریشان ہو کر اس کے گھر والوں نے سروجن کے دوستوں سے پوچھ گچھ کی ۔ ابتداء لڑکوں نے دعوی کیا کہ ماہی گیری کے بعد سروجن انہیں چھوڑ کر مویشیوں کی تلاش کے لیے نکل گیا تھا ۔

تاہم اہل خانہ کے اصرار اور ڈانٹ ڈپٹ کے بعد بالآخر لڑکوں نے سچائی کا اعتراف کیا ۔ اہل خانہ نے فوری طور پر کوناجے پولیس اور فائر اینڈ ریسکیو سروسز کو مطلع کیا ۔

مقامی رہائشیوں اور فائر ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں نے پانی سے بھرے گڈھے میں تلاشی مہم شروع کر دی ۔  رات کو تقریباً 11:30 بجے سروجن کی لاش جائے وقوعہ سے برآمد ہوئی ۔ 
    
کوناجے پولیس نے معاملہ درج کر لیا ہے اور مزید تحقیقات کر رہی ہے ۔    


Share: