ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / پونے میں کمسن بچی سے درندگی پر ہنگامہ، شہریوں کا احتجاج اور سخت کارروائی کا مطالبہ

پونے میں کمسن بچی سے درندگی پر ہنگامہ، شہریوں کا احتجاج اور سخت کارروائی کا مطالبہ

Sun, 03 May 2026 11:12:40    S O News

پونے، 3/ مئی (ایس او نیوز /ایجنسی)پونے ضلع کے نسراپور گاؤں میں ایک نہایت دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے، جہاں تقریباً ساڑھے تین سالہ بچی کے ساتھ مبینہ زیادتی کے بعد اس کا بے رحمانہ قتل کر دیا گیا۔ اس سنگین واردات کے بعد پورے علاقے میں شدید غم و غصہ پھیل گیا ہے اور مقامی افراد نے احتجاج کرتے ہوئے سڑکیں بند کر دیں۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ جمعہ کی دوپہر پیش آیا تھا، جب بچی اپنے نانی کے گاؤں نسراپور میں گرمیوں کی تعطیلات کے دوران آئی ہوئی تھی اور گاؤں کے رام مندر کے قریب کھیل رہی تھی۔ اسی دوران ۶۵؍ سالہ ملزم نے بچی کو لالچ دے کر اپنے ساتھ قریبی گئوشالہ میں لے گیا۔ وہاں اس نے بچی کے ساتھ مبینہ طور پر جنسی زیادتی کی اور بعد میں اسے بے رحمی سے قتل کر دیا۔واردات کے بعد ملزم نے لاش کوگئوشالہ ہی میں گوبر کے ڈھیر کے نیچے چھپا دیا۔ ادھر بچی کے لاپتہ ہونے پر گاؤں والوں نے تلاش شروع کی، جس دوران انہوں نے ملزم کو دریا کے کنارے بیٹھا دیکھا۔ پوچھ تاچھ پر اس نے ابتدا میں لاعلمی ظاہر کی، تاہم پولیس موقع پر پہنچی اور اسے حراست میں لے لیا۔

بعد ازاں پولیس نے گئوشالہ سے بچی کی لاش برآمد کر لی۔ اس دلخراش واقعے کے خلاف مشتعل دیہاتیوں نے لاش کو پولیس اسٹیشن کے باہر رکھ کر احتجاج کیا اور سڑک بلاک کر دی۔ واقعے کی مذمت میں نسراپور میں سنیچر کومکمل طور پر بند منایا گیا۔ اس واقعےکے بعد سیاسی حلقوں میں بھی مذمت کی جا رہی ہے۔

وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے کہا کہ’’ یہ واقعہ قابل مذمت ہے اور ہم ملزم کو سخت سے سخت سزا دلوانے کی کوشش کریں گے۔ ‘‘ انہوں نے کہا ’’ہم عدالت سے گزارش کریں گے کہ وہ فاسٹ ٹریک کورٹ میں مقدمہ چلا کر ملزم کو جلد از جلد اسے سخت سے سخت، ہو سکے تو موت کی سزا سنائے۔‘‘ وزیر اعلیٰ کے بیان کے بعد رکن پارلیمان سپریہ سلے نے بھی اس واقعے کی مذمت کی۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سے کہا ’’ صرف اعلان مت کیجئے بلکہ اس معاملے پر فوری طور پر اقدامات بھی کیجئے۔‘‘ سلے خواتین کے تحفظ کے تعلق سے تشویش ظاہر کی۔ 


Share: