ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / بنگال میں ایس آئی آر اپیلوں کی سست سماعت پر سپریم کورٹ برہم، الیکشن کمیشن سے رپورٹ طلب

بنگال میں ایس آئی آر اپیلوں کی سست سماعت پر سپریم کورٹ برہم، الیکشن کمیشن سے رپورٹ طلب

Thu, 13 Aug 2026 11:30:51    S O News

نئی دہلی ، 13/ اگست (ایس او نیوز /ایجنسی)   مغربی بنگال میں ایس آئی آر(اسپیشل انٹینسیو ریویژن) کے عمل کے دوران ووٹر لسٹ سے جن لوگوں کے نام حذف کیے گئے تھے، انہوں نے اپیلیں دائر کی ہیں۔ ان اپیلوں کی سماعت مقامی ٹریبونل میں ہو رہی ہے۔ اسی دوران سپریم کورٹ نے سماعت کی سست رفتاری پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ عدالت نے ٹربیونل کے کام کاج کے حوالے سے الیکشن کمیشن سے تفصیلی رپورٹ بھی طلب کی ہے۔ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو ہدایت دی ہے کہ وہ ٹربیونل کی جانب سے نمٹائے گئے مقدمات کی مکمل تفصیلات عدالت کے سامنے پیش کرے۔

چیف جسٹس آف انڈیا(سی جی آئی) سوریہ کانت، جسٹس جوائے مالیا باگچی اور جسٹس وی موہنا پر مشتمل بنچ نے کانگریس لیڈر ادھیر رنجن چودھری کی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے یہ ہدایت جاری کی ہے۔سماعت کے دوران چیف جسٹس سوریہ کانت نے کہا ’’ مقدمات کے نمٹارے کا عمل اتنا سست نہیں ہو سکتا۔ ابھی جس رفتار سے سماعت ہو رہی ہے، ایسا لگتا ہے کہ اپیلوں پر فیصلہ آنے سے پہلے ہی اگلے اسمبلی انتخابات کی نوبت نہ آ جائے۔‘‘

واضح رہے کہ ادھیر رنجن چودھری نے اپنی عرضی میں مطالبہ کیا تھا کہ مغربی بنگال کے ہر بلاک کی سطح پر ایس آئی آر ٹربیونل قائم کیے جائیں، تاکہ متاثرہ افراد آسانی سے اپنی اپیلیں دائر کر سکیں اور مقدمات کا تیزی سے نپٹارا ہو سکے۔

سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ وقت کی حد مقرر کرنے سے پہلے موجودہ ٹربیونل کے کام کاج اور زیر التوا مقدمات کی تعداد کا جائزہ لیا جائے گا۔ درخواست گزار کی جانب سے اپیلوں کے نپٹارے کے لئے ایک مقررہ مدت طے کرنے کے مطالبے پر جسٹس باگچی نے کہا کہ عدالت فی الحال ایسی کوئی مدت مقرر نہیں کر سکتی۔ پہلے یہ جائزہ لیا جائے گا کہ ٹربیونل نے کتنے مقدمات میں فیصلے دیے ہیں اور ان فیصلوں کی درستگی اور معیارکیا ہے۔


Share: