بھٹکل، 22 اکتوبر (ایس او نیوز): قومی تعلیمی ادارہ انجمن حامی مسلمین کے اشتراک سے ہندوستان کے معروف اور بڑے کاروباری گروپوں میں شمار ہونے والی ٹاٹا کمپنی 24 اکتوبر کو بھٹکل میں روزگار میلے کا انعقاد کررہی ہے، جس کے ذریعے بھٹکل اور اطراف کے نوجوانوں کو کمپنی میں ملازمت حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔ اس میلے کے تحت تقریباً 500 امیدواروں کو بھرتی کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔
انجمن کالج میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کالج کے پرنسپل پروفیسر یوسف کولا نے بتایا کہ اس روزگار میلے میں ان امیدواروں کو شرکت کا موقع ملے گا جنہوں نے 2024 یا 2025 میں گریجویشن مکمل کیا ہو یا 2026 میں اپنی ڈگری مکمل کررہے ہوں۔ بی کام، بی اے، بی بی اے، بی بی ایم، بی ایس سی، بی سی اے، بی اے ایف اور بی بی آئی کی ڈگری رکھنے والے امیدوار اس کے لیے اہل ہوں گے۔
پروفیسر کولا کے مطابق، ہندی، کنڑا، انگریزی اور اردو زبانوں پر عبور رکھنے والے اور بہتر ابلاغی صلاحیتوں کے حامل امیدواروں کو ترجیح دی جائے گی۔
روزگار میلے کے لیے رجسٹریشن 24 اکتوبر کو صبح 8:30 بجے شروع ہوگی، جس کے بعد اہلیت جانچنے کے لیے ٹیسٹ اور انٹرویو منعقد کیے جائیں گے۔ منتظمین کے مطابق، امیدواروں کے انتخاب کا عمل اسی مقام پر مکمل کرنے کا انتظام کیا گیا ہے، تاکہ اہل امیدواروں کو اسی دن انتخاب کے عمل سے گزارا جاسکے۔
اتر کنڑا ضلع کے بھٹکل، مرڈیشور، کمٹہ، انکولہ اور کاروار سمیت مختلف علاقوں کے اہل امیدوار اس میلے میں شرکت کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ پڑوسی اضلاع اڈپی اور جنوبی کنڑا کے بیندور، کنداپور، شیرور اور منگلورو کے امیدوار بھی اس موقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
پریس کانفرنس میں انجمن کالج بورڈ کے سکریٹری فیاض کولا، پروفیسر غانم محتشم اور پروفیسر دامودر نائک بھی موجود تھے۔