بھٹکل، 19 اکتوبر (ایس او نیوز): بھٹکل کے رہائشی شکیل شاہ بندری عرف سونٹا شکیل (58) کی ممبئی کے دادرعلاقے میں پیش آئے سڑک حادثے میں موت ہوگئی۔ حادثہ پیر کی دوپہر پیش آیا، جبکہ وہ شدید زخمی ہونے کے بعد رات تقریباً 10 بجے اسپتال میں دم توڑ گئے۔
بھٹکل مسلم جماعت ممبئی کے سرگرم رکن قمر الزماں موٹیا کے مطابق، شکیل شاہ بندری پیر کی دوپہر اسکوٹر پر سوار تھے اور غالباً دادر سے سائن کی طرف جارہے تھے یا سائن سے واپس آرہے تھے کہ اسی دوران کسی دوسری سواری نے ان کے اسکوٹر کو ٹکر مار دی۔ ٹکر کے نتیجے میں اسکوٹر بے قابو ہوگیا اور وہ سڑک پر گر پڑے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس دوران ایک لاری ان کے پیر پر سے گزر گئی، جس کے نتیجے میں انہیں شدید چوٹیں آئیں۔
حادثے کے فوراً بعد انہیں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ رات تقریباً 10 بجے انتقال کرگئے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔
قمر الزماں موٹیا نے رات تقریباً پونے ایک بجے بتایا کہ میت بھینڈی بازار کے ناخدا محلہ میں واقع نور اسپتال میں رکھی گئی ہے اور بھٹکل مسلم جماعت ممبئی کے ذمہ داران میت حاصل کرنے کے لیے ضروری کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ کارروائی مکمل ہونے کے بعد میت بھٹکل روانہ کی جائے گی۔
بتایا گیا ہے کہ مرحوم کا مکان بھٹکل کے آزاد نگر میں طوبیٰ مسجد کے قریب واقع ہے۔