بھٹکل 6/مئی (ایس او نیوز) : ساحلی شہر بھٹکل میں پیش آئے ایک افسوسناک واقعے میں دو نوجوان بحیرۂ عرب میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔ یہ حادثہ بدھ کی شام مشہور سیاحتی مقام نستار بیچ پر پیش آیا۔
جاں بحق ہونے والوں کی شناخت افروز (34) اور رضوان (28) کے طور پر کی گئی ہے، جو کانپور(یوپی ) کے رہائشی تھے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دونوں ایک مقامی کپڑوں کی دکان میں کام کرنے والے سات افراد کے گروپ کا حصہ تھے۔
ذرائع کے مطابق یہ گروپ تقریباً شام 4 بجے تفریح کی غرض سے نستار بیچ پہنچا تھا۔ ان میں سے تین افراد ساحل پر بیٹھ کر سمندری ہوا اور لہروں کا لطف اٹھا رہے تھے، جبکہ دیگر چار افراد قریب کی چٹانی پہاڑی پر چڑھ کر سمندر کا منظر دیکھ رہے تھے۔ اسی دوران اچانک ایک زوردار سمندری لہر اٹھی، جس نے چٹان پر کھڑے دو نوجوانوں کو اپنی زد میں لے کر سمندر میں بہا دیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ساحل پر سینکڑوں افراد جمع ہوگئے۔ سماجی کارکن سعود گوائی نے ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین دیگر نوجوانوں—جن میں سیان اور شازب شامل ہیں—کے ساتھ اونچی اُٹھتی تیز لہروں کی پرواہ کیے بغیر سمندر میں اتر کر بچاؤ کی کوشش کی، تاہم جب تک وہ متاثرہ نوجوانوں تک پہنچے، دونوں کی موت واقع ہوچکی تھی۔
بعد ازاں ریسکیو کرنے والوں نے دونوں نعشوں کو سمندر سے باہر نکال لیا۔
اطلاع ملتے ہی بھٹکل کے ڈی وائی ایس پی گریش، مضافاتی پولیس تھانے کے انسپکٹر وینکٹیش اور کوسٹل سکیورٹی پولیس کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور ضروری کارروائی انجام دی۔
نعشوں کو بھٹکل گورنمنٹ اسپتال کے مردہ خانے منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔