لکھنؤ، 7/ اپریل (ایس او نیوز /ایجنسی) اتر پردیش میں اسپیشل انٹینسیو ریویژن (ایس آئی آر) کا عمل مکمل ہونے کے بعد حتمی ووٹر لسٹ کا بے صبری سے انتظار کررہے لوگوں کے لیے راحت کی خبر ہے۔ ریاست کے چیف الیکٹورل آفیسر (سی ای او) نودیپ رِنوا نے بتایا ہے کہ ایس آئی آر کے عمل کے تحت حتمی ووٹر لسٹ 10 اپریل کو شائع کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن ووٹر لسٹ کو درست اور غلطی سے پاک بنانے کے لیے پابند عہد ہے۔ لسٹ کی اشاعت کی تاریخ مقرر کرنے سے پہلے چیف الیکٹورل آفیسر نودیپ نے متعلقہ افسران کے ساتھ ایک اہم میٹنگ کی تھی جس کے بعد یہ معلومات دی گئی۔
چیف الیکٹورل آفیسر نودیپ پیر کو غیر متوقع طور پر متھرا پہنچے تھے جہاں انہوں نے ضلع افسران کے ساتھ میٹنگ کرکے ایس آئی آر کے عمل کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ میٹنگ میں ضلع مجسٹریٹ اور ضلع الیکشن آفیسر چندر پرکاش سنگھ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ (فنانس اینڈ ریونیو)اور سب ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر ڈاکٹر پنکج کمار ورما سمیت دیگر سینئر افسران موجود تھے۔ انہوں نے بتایا کہ یکم جنوری 2026 کو اہلیت کی تاریخ مان کر اسمبلی انتخابی حلقوں کی انتخابی فہرستوں کی خصوصی نظر ثانی کی جا رہی ہے اور 10 اپریل کو حتمی فہرست شائع کی جائے گی۔
افسران کے ساتھ میٹنگ میں انہوں نے تمام الیکٹورل رجسٹریشن افسران کو ہدایت دی کہ وہ ڈیٹا کی مکمل تصدیق کریں اور حتمی اشاعت سے قبل فہرست کو ڈاؤن لوڈ کے لیے تیار کریں۔ رنوا نے ضلع الیکشن افسر کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ 10 اپریل کو صبح 11 بجے تک تمام تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں کی میٹنگ بلاکر انہیں حتمی ووٹر لسٹ فراہم کی جائے اور اس کی رسید چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر کو بھیجی جائے۔ قابل ذکر ہے کہ ابتدائی ووٹر لسٹ 6 جنوری 2026 کو جاری کی گئی تھی تاکہ تمام رائے دہندگان لسٹ میں اپنے ناموں کی تصدیق کر سکیں اور کسی بھی اصلاح یا نئے اندراج کے لیے درخواست دے سکیں۔ اس کے ساتھ ہی کسی بھی طرح کی اصلاح کے مرحلے کے لیے جنوری سے مارچ 2026 تک کا وقت دیا گیا تھا۔