ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: گانجہ پینے کے الزام میں 20 سالہ نوجوان مرڈیشور میں گرفتار

بھٹکل: گانجہ پینے کے الزام میں 20 سالہ نوجوان مرڈیشور میں گرفتار

Thu, 23 Apr 2026 07:21:51    S O News
بھٹکل: گانجہ پینے کے الزام میں 20 سالہ نوجوان مرڈیشور میں گرفتار

​بھٹکل: 23 اپریل (ایس او نیوز) ساحلی شہر بھٹکل اور اطراف کے علاقوں میں گانجہ اور دیگر منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان نے عوامی حلقوں میں تشویش پیدا کر دی ہے۔ آئے دن منشیات کی سپلائی اور استعمال کے الزام میں نوجوانوں کی گرفتاریوں سے صورتحال مزید سنگین ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔

تازہ واردات مرڈیشور ساحلِ سمندر سے سامنے آئی، جہاں پولیس نے ایک 20 سالہ نوجوان کو گانجہ نوشی کے الزام میں حراست میں لیا۔ ملزم کی شناخت محمد کیف ولد محمد ہدایت (ساکن ہیرے ڈومی، مرڈیشور) کے طور پر کی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق مذکورہ نوجوان کو عوامی مقام پر مشکوک حالت میں پائے جانے پر تحویل میں لے کر بھٹکل تعلقہ سرکاری اسپتال میں طبی معائنہ کرایا گیا۔ لیبارٹری رپورٹ میں گانجہ نوشی کی تصدیق ہونے کے بعد ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ مرڈیشور پی ایس آئی ہنومنت برادر معاملے کی مزید جانچ کر رہے ہیں۔

​واضح رہے کہ پہلے منشیات کے لیے ایک مخصوص مقام بدنام تھا، مگر اب شہر کے مختلف حصوں بالخصوص سمندری کناروں کے قریب اس کے اڈے قائم ہونے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ سیاحوں کو نشانہ بنا کر انہیں نشہ آور اشیاء فراہم کرنے کی شکایتیں سامنے آنے پر نگرانی اور کارروائیاں سخت کر دی گئی ہیں۔ پولیس حکام نے متنبہ کیا ہے کہ منشیات کے خاتمے تک یہ مہم جاری رہے گی اور ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔


Share: