ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: مرڈیشور پولیس اہلکاروں پر چاقو سے حملے کا معاملہ؛ پانچوں ملزمین گرفتار

بھٹکل: مرڈیشور پولیس اہلکاروں پر چاقو سے حملے کا معاملہ؛ پانچوں ملزمین گرفتار

Wed, 12 Aug 2026 17:41:29    S O News
بھٹکل: مرڈیشور پولیس اہلکاروں پر چاقو سے حملے کا معاملہ؛ پانچوں ملزمین گرفتار

بھٹکل، 12 اگست (ایس او نیوز): تعلقہ کے مرڈیشور میں دو پولیس اہلکاروں سمیت تین افراد پر چاقو سے حملے کے معاملے میں پولیس نے کارروائی مکمل کرتے ہوئے نامزد پانچوں ملزمین کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس نے پانچوں ملزمین کو عدالت میں پیش کیا، جہاں سے انہیں عدالتی تحویل میں کاروار جیل بھیج دیا گیا۔

یاد رہے کہ 8 اور 9 اگست کی درمیانی شب مرڈیشور ناکہ کے قریب قومی شاہراہ 66 کی سروس روڈ پر ہنگامہ آرائی کے دوران منوج نائک نامی شخص پر چاقو سے حملہ کیا گیا تھا۔ موقع پر پہنچے گشت پر مامور پولیس اہلکار وینائک شیٹی اور سنگپّا ہریجن نے مداخلت کرتے ہوئے منوج نائک کو بچانے کی کوشش کی، جس پر ملزمین نے مبینہ طور پر دونوں پولیس اہلکاروں پر بھی چاقو سے حملہ کردیا۔ واقعے میں منوج نائک کے ساتھ دونوں پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے۔ انہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد مزید علاج کے لیے اُڈپی منتقل کیا گیا تھا۔ دونوں پولیس اہلکار علاج مکمل ہونے کے بعد اسپتال سے ڈسچارج ہوچکے ہیں۔

واقعے کے بعد مرڈیشور پولیس نے راجو نائک عرف کڈی راجو، ہیرتھیک نائک، مدن نائک، یوگیش نائک، درشن نائک اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کرکے ملزمین کی گرفتاری کے لیے دو خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دی تھیں۔ پولیس نے اگلے ہی روز اتوار کو تین ملزمین کو گرفتار کرلیا تھا، جبکہ باقی ملزمین کی تلاش جاری تھی۔

پولیس نے ملزمین کی نقل و حرکت پر مسلسل نظر رکھتے ہوئے شیموگہ، داونگیرے، بیندور اور دیگر علاقوں سے معلومات اکٹھی کیں۔ اس کارروائی کے نتیجے میں چوتھے ملزم کو منگل کے روز گرفتار کیا گیا، جبکہ پانچویں اور آخری ملزم کو بدھ کے روز گرفتار کرلیا گیا۔ اس طرح اس معاملے میں نامزد پانچوں ملزمین کی گرفتاری عمل میں آچکی ہے۔

پولیس نے گرفتار ملزمین کی شناخت راجو مادیو نائک عرف کڈی راجو، ہریتیک مادیو نائک، مدن نائک، یوگیش نائک اور درشن نائک کے طور پر کی ہے۔ پولیس کے مطابق تمام ملزمین مرڈیشور کے رہنے والے ہیں۔

پولیس کے مطابق، ملزمین پر پولیس اہلکاروں کے سرکاری فرائض میں رکاوٹ ڈالنے، ان پر حملہ کرنے اور قتل کی کوشش سمیت مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

بھٹکل ڈی وائی ایس پی گریش اور سی پی آئی جگدیش ہنچینال کی رہنمائی میں ایس آئی لوک ناتھ راتھوڑ اور ایس آئی ہنومنت بیرادار کیس کی تفتیش کررہے ہیں۔


Share: