ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: رحمت آباد فرینڈس فورم کی ڈپٹی کمشنر سے ملاقات؛ جامعہ آباد روڈ کی مرمت اور پینے کے پانی کی فراہمی کا مطالبہ

بھٹکل: رحمت آباد فرینڈس فورم کی ڈپٹی کمشنر سے ملاقات؛ جامعہ آباد روڈ کی مرمت اور پینے کے پانی کی فراہمی کا مطالبہ

Fri, 09 Oct 2026 23:39:16    S O News
بھٹکل: رحمت آباد فرینڈس فورم کی ڈپٹی کمشنر سے ملاقات؛ جامعہ آباد روڈ کی مرمت اور پینے کے پانی کی فراہمی کا مطالبہ

بھٹکل، 9 اکتوبر (ایس او نیوز): بھٹکل کے رحمت آباد علاقے میں جامعہ آباد روڈ کی خستہ حالی اور پینے کے پانی کی ناکافی فراہمی کے مسائل کو لے کر رحمت آباد فرینڈس فورم (آر ایف ایف) کے ایک وفد نے کاروار میں ضلع اُتر کنڑا کی ڈپٹی کمشنر محترمہ لکشمی پریا سے ملاقات کی اور انہیں علاقے کے مسائل سے واقف کراتے ہوئے فوری اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر فورم کی جانب سے دونوں مسائل کے تعلق سے الگ الگ میمورنڈم پیش کیے گئے۔

فورم کے جنرل سکریٹری جریر حسن شوپا کی قیادت میں پہنچنے والے وفد نے ڈپٹی کمشنر کو بتایا کہ تینگن گنڈی کراس سے رحمت آباد ہوتے ہوئے تینگن گنڈی بندرگاہ کی جانب جانے والی محکمہ تعمیراتِ عامہ (پی ڈبلیو ڈی) کی سڑک، جسے جامعہ آباد روڈ بھی کہا جاتا ہے، انتہائی خستہ حال ہوچکی ہے۔ سڑک پر جگہ جگہ گڈھے ہونے کے باعث لوگوں کو آمد و رفت میں سخت دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جبکہ موٹر سائیکل سواروں کے گڈھوں میں گر کر زخمی ہونے کے واقعات بھی پیش آرہے ہیں۔

bhatkal-RFF-karwar-dc-2

وفد کے ذمہ داران نے بتایا کہ برسات کے موسم میں سڑک کے خراب حصوں پر پانی جمع ہونے سے آمد و رفت مزید مشکل ہوجاتی ہے، جبکہ بارش ختم ہونے کے بعد سڑک سے اٹھنے والی شدید دھول مقامی لوگوں کے لیے پریشانی کا سبب بن رہی ہے۔ گاڑیوں کی آمد و رفت کے دوران بڑی مقدار میں دھول فضا میں پھیلتی ہے، جس سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور صحت کے تعلق سے بھی تشویش پیدا ہورہی ہے۔

فورم نے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا کہ جامعہ آباد روڈ کی فوری مرمت کی جائے، پانی کی نکاسی کے لیے مناسب انتظامات کیے جائیں اور دھول پر قابو پانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔ اس سلسلے میں فورم کی جانب سے تحریری میمورنڈم پیش کیا گیا۔

دوسرے میمورنڈم کے ذریعے رحمت آباد میں پینے کے پانی کی ناکافی اور غیر باقاعدہ فراہمی کا مسئلہ اٹھایا گیا۔ فورم کے مطابق، علاقے کے ایک بڑے حصے میں پانی کی پائپ لائنیں موجود ہیں اور کئی گھروں کو کنکشن بھی فراہم کیے گئے ہیں، لیکن اس کے باوجود متعدد مکانات تک مناسب مقدار میں پانی نہیں پہنچ رہا ہے۔

وفد نے بتایا کہ کئی گھروں میں پانی کا دباؤ انتہائی کم ہے اور سپلائی بھی باقاعدہ نہیں ہورہی ہے۔ بعض اوقات پانی کے لیے طویل انتظار کرنا پڑتا ہے، جبکہ پانی آنا شروع ہونے کے بعد بھی اس کی مقدار بہت کم ہوتی ہے۔ بعض گھروں میں تقریباً پانچ لیٹر پانی جمع کرنے کے لیے بھی آدھے گھنٹے تک انتظار کرنا پڑتا ہے، جس سے روزمرہ کے گھریلو کاموں میں دشواریاں پیش آتی ہیں۔

فورم نے خاص طور پر فروری سے مئی کے درمیان پانی کی بڑھتی ہوئی ضرورت اور قلت کے خدشات کی جانب توجہ دلائی اور کہا کہ گزشتہ برسوں میں بھی ان مہینوں کے دوران مکینوں کو پانی کی فراہمی کے سلسلے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس مرتبہ معمول سے کم بارش ہونے کے پیش نظر آئندہ گرمیوں میں پانی کی قلت مزید سنگین ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

وفد نے ڈپٹی کمشنر سے درخواست کی کہ رحمت آباد میں موجودہ آبی نظام کا فوری معائنہ کیا جائے، پانی کے کم دباؤ اور غیر باقاعدہ فراہمی کی وجوہات کا پتہ لگایا جائے اور تمام کنکشن والے گھروں تک مناسب مقدار میں باقاعدگی سے پانی پہنچانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔ اس کے علاوہ گرمیوں کے موسم سے قبل ہی پانی کی ممکنہ قلت سے نمٹنے کے لیے مناسب انتظامات کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

وفد نے ڈپٹی کمشنر کو مزید بتایا کہ جامعہ آباد روڈ کی خراب حالت کے سلسلے میں ستمبر کے پہلے ہفتے میں بھٹکل رکن اسمبلی اور ریاست کے نائب اسپیکر  منکال ایس ویدیا، بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر، تحصیلدار اور متعلقہ محکمہ تعمیراتِ عامہ کے حکام کو بھی نمائندگی پیش کی گئی تھی، تاہم  بار بار توجہ دلانے اور کافی وقت گزرنے کے باوجود سڑک کی مرمت کا کوئی  کام شروع نہیں کیا گیا ہے۔

وفد میں جنرل سکریٹری جریر حسن شوپا کے علاوہ انظف قاضی، احمد ایم ایس، عبد المنان، مولوی ابوبکر صدیق سمیت فورم کے کافی دیگر ذمہ داران  موجود تھے۔

Click here for report in English


Share: