ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں ایس آئی آر ورکشاپ؛ لاکھوں ووٹرز کو فہرست سے باہر کرنے کی کوشش؛ 15 اپریل کو ریاست گیر احتجاج

بھٹکل میں ایس آئی آر ورکشاپ؛ لاکھوں ووٹرز کو فہرست سے باہر کرنے کی کوشش؛ 15 اپریل کو ریاست گیر احتجاج

Mon, 13 Apr 2026 00:33:07    S O News

بھٹکل، 12 اپریل (ایس او نیوز): خصوصی انتخابی فہرست کی جامع نظرثانی (SIR) کے بارے میں عوامی بیداری پیدا کرنے کے مقصد سے قومی سماجی ادارہ مجلسِ اصلاح و تنظیم کی جانب سے اتوار کو عوامی اجلاس اور تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں بینگلور سے تشریف لائے ’میرا ووٹ میرا حق‘ ادارہ کے ذمہ داران نے واضح کیا کہ ایس آئی آر کے نام پر لاکھوں افراد کو حقِ رائے دہی سے محروم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اس صورتحال کے پیشِ نظر عوام کے لیے ضروری ہے کہ وہ بیدار ہوں اور ووٹر لسٹ میں میپنگ کے ذریعے اپنے ناموں کی شمولیت کو یقینی بنائیں۔

IMG-20260412-WA0047

بھٹکل اور اطراف کے مختلف علاقوں سے آئے رضاکاروں اور شہر کے ذمہ داران کو میپنگ کے تعلق سے جانکاری فراہم کرتے ہوئے پی یو سی ایل کی آئشوریا اور ’میرا ووٹ میرا حق‘ ادارہ کے ونے سرینواس نے ایس آئی آر کے عمل کے مختلف مراحل پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

انہوں نے ووٹرز کی میپنگ، گنتی، مسودہ ووٹر لسٹ کی اشاعت، دعوے و اعتراضات کی پیشی اور حتمی فہرست کی تیاری جیسے مراحل کی وضاحت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اپنے اپنے علاقوں میں عوام کی میپنگ کروا کر ایس آئی آر کے عمل کو بروقت مکمل کیا جائے۔ ساتھ ہی شفاف اور منصفانہ انتخابات کے لیے درست اور مکمل ووٹر لسٹ کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

مقررین نے ایس آئی آر کے نفاذ کے دوران درپیش چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے واضح رہنما خطوط کی کمی، دستاویزی مسائل اور خواتین و مہاجر مزدوروں سمیت پسماندہ طبقات کو پیش آنے والی مشکلات کی نشاندہی کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کوئی بھی اہل ووٹر فہرست سے خارج نہ ہونے پائے، اس کے لیے پیشگی اقدامات ضروری ہیں۔

IMG-20260412-WA0045

پروگرام کی صدارت تنظیم کے صدر عنایت اللہ شابندری نے کی، جبکہ جنرل سیکریٹری عبدالرقیب ایم جے ندوی نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ اس موقع پر اُڈپی ضلع مسلم اوکھوٹا کے یاسین ملپے سمیت دیگر ذمہ داران موجود تھے۔ پروگرام کے کنوینر مبشر ہلارے نے نظامت کرتے ہوئے آخر میں شکریہ ادا کیا۔

ایس آئی آر کے خلاف 15 اپریل کو احتجاج:

ورکشاپ کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ’میرا ووٹ میرا حق‘ کے ذمہ دار ونے سرینواس نے کہا کہ ایس آئی آر کے نام پر لاکھوں ووٹرز کو فہرست سے خارج کر کے انہیں شہری نہ ہونے کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے خلاف 15 اپریل کو ریاست بھر میں احتجاج کیا جائے گا اور حکومت کو یادداشت (میمورنڈم) پیش کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایس آئی آر کے ذریعے بعض کمیونٹیز کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ ’میرا ووٹ میرا حق‘ کی جانب سے ریاست بھر میں بیداری اجلاس منعقد کر کے تمام طبقات کے اہل ووٹرز کے نام ووٹر فہرست میں شامل کرنے کے لیے حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔ اس کے تحت رہنمائی مراکز قائم کیے جائیں گے اور بوتھ سطح پر رضاکاروں کو تعینات کیا جائے گا تاکہ کسی بھی ووٹر کا نام فہرست سے خارج نہ ہونے پائے۔

Click here for report in English 


Share: