ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ایس ایس ایل سی میں بھٹکل اسٹوڈینٹس کے 98.63 فیصد شاندار نتائج؛ علی پبلک سمیت 26 ہائی اسکولوں کی سو فیصد کامیابی

ایس ایس ایل سی میں بھٹکل اسٹوڈینٹس کے 98.63 فیصد شاندار نتائج؛ علی پبلک سمیت 26 ہائی اسکولوں کی سو فیصد کامیابی

Thu, 23 Apr 2026 19:35:02    S O News
ایس ایس ایل سی میں بھٹکل اسٹوڈینٹس کے 98.63 فیصد شاندار نتائج؛ علی پبلک سمیت 26 ہائی اسکولوں کی سو فیصد کامیابی

بھٹکل، 23 اپریل (ایس او نیوز): کرناٹک کے ایس ایس ایل سی نتائج میں ساحلی کرناٹک کے کاروار تعلیمی ضلع نے مجموعی طور پر 98.09 فیصد کے ساتھ ریاست بھر میں تیسرا مقام حاصل کیا، جبکہ ضلع میں ہوناور تعلقہ 99.08 فیصد کے ساتھ سرفہرست رہا۔ بھٹکل تعلقہ نے 98.63 فیصد کے ساتھ دوسرا مقام حاصل کیا، جبکہ انکولہ 97.78 فیصد کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔

تعلیمی سال 2025–26 کے ایس ایس ایل سی مرکزی امتحانات میں بھٹکل کے طلبہ نے ایک بار پھر اپنی تعلیمی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، اور حسبِ روایت اس مرتبہ بھی طالبات نے نمایاں برتری حاصل کی۔ تعلقہ کے جملہ 37 ہائی اسکولوں میں سے 26 اسکولوں نے سو فیصد (100%) نتائج درج کر کے ایک قابلِ ذکر ریکارڈ قائم کیا۔ ان میں 12 سرکاری، 5 امدادی (ایڈیڈ) اور 9 غیر امدادی (ان ایڈیڈ) اسکول شامل ہیں، جسے تعلیمی حلقوں میں ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔

خاص بات یہ ہے کہ بھٹکل تعلقہ میں صرف دو ملی تعلیمی ادارے—علی پبلک اسکول گرلس اور علی پبلک اسکول بوائز—نے سو فیصد کامیابی حاصل کرنے کا اعزاز اپنے نام کیا۔

بھٹکل بلاک ایجوکیشن آفیسر (بی ای او) وینکٹیش نائیک کے مطابق امتحان میں شریک 2,040 طلبہ میں سے 2,012 کامیاب قرار پائے۔ صنفی بنیاد پر جائزہ لیا جائے تو 1,166 طالبات میں سے 1,157 نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے 99.23 فیصد نتیجہ درج کیا، جبکہ طلبہ کا کامیابی کا تناسب 97.83 فیصد رہا۔

میڈیم کے اعتبار سے کنڑا میڈیم کے طلبہ 99.64 فیصد کے ساتھ سبقت میں رہے، جبکہ انگریزی میڈیم کا نتیجہ 98.68 فیصد اور اردو میڈیم کا 92.14 فیصد رہا۔

اسکولوں کی کارکردگی کے لحاظ سے سرکاری اسکولوں نے 99.52 فیصد کے ساتھ نمایاں برتری حاصل کی، جبکہ غیر امدادی (ان ایڈیڈ) اسکولوں کا نتیجہ 99.15 فیصد اور امدادی (ایڈیڈ) اسکولوں کا 96.44 فیصد رہا۔

انفرادی کارکردگی میں تیرنمکّی کی کرناٹک پبلک اسکول کی طالبہ سانیکا بائلور نے 625 میں سے 621 نمبر (99.36 فیصد) حاصل کر کے اول مقام حاصل کیا۔ پرتھم ناگراجو نائک اور ورشیتا شیوکمار نائک نے 620 نمبر کے ساتھ مشترکہ طور پر دوسرا مقام حاصل کیا، جبکہ ویبھوی دیوانند نائک نے 619 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔

تینگنگنڈی، بیلکے، مُنڈلی، کُنٹوانی جالی، گورٹے، بیلور اور تیرنمکّی سمیت مختلف علاقوں کے 12 سرکاری، 5 امدادی اور 9 غیر امدادی اسکولوں نے سو فیصد نتائج درج کر کے بھٹکل کو تعلیمی میدان میں ایک نمایاں مقام دلایا ہے۔


Share: