بھٹکل 22/اپریل (ایس او نیوز) : اُترکنڑا ضلع کے کھلاڑیوں کے لئے خوشخبری ہے کہ 9 اور 10 مئی کو بھٹکل کے نوائط کالونی تعلقہ اسٹیڈیم المعروف وائی ایم ایس اے گراونڈ میں ڈسٹرکٹ لیول پرو کبڈی ٹورنامنٹ منعقد کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں ضلع بھر کے کھلاڑیوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے اپنے نام درج کرائیں اور بڈنگ کے عمل کے ذریعہ ٹیموں میں شمولیت اختیار کریں۔
بھٹکل تعلقہ امیچر کبڈی اسوسی ایشن کے سکریٹری شری دھر نائک نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ٹورنامنٹ میں کل آٹھ ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ہر ٹیم میں دس کھلاڑی شامل ہوں گے، جن میں سے آٹھ کھلاڑیوں کا انتخاب بڈنگ کے ذریعے کیا جائے گا۔ انہوں نے ضلع بھر کے کبڈی کھلاڑیوں سے درخواست کی کہ وہ اس بہترین موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے فوری طور پر درج ذیل لنک کے ذریعے رجسٹریشن مکمل کریں۔ رجسٹریشن کی آخری تاریخ 27 اپریل مقرر کی گئی ہے۔
رجسٹریشن لنک، یہاں کلک کریں
انہوں نے مزید بتایا کہ ٹورنامنٹ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو 75 ہزار روپے، دوسری ٹیم کو 50 ہزار روپے جبکہ تیسری اور چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں کو 25،25 ہزار روپے مع ٹرافی دی جائے گی۔ شائقین کبڈی کے لئے اسٹیڈیم میں خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں جہاں تقریباً 5 ہزار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی۔
ٹورنامنٹ کے کنوینر عزیز الرحمن رکن الدین ندوی نے بتایا کہ آٹھ ٹیموں کے لیے آٹھ الگ الگ اونرز ہوں گے اور ہر ٹیم میں دس کھلاڑی شامل ہوں گے۔ ان میں سے آٹھ کھلاڑیوں کا انتخاب ٹیم اونرز بڈنگ کے ذریعے کریں گے۔ کھلاڑیوں کی بڈنگ 30 اپریل کو منعقد کی جائے گی۔
اسوسی ایشن کے نائب سکریٹری سمیر ہندوستانی نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ کا مقصد ہندو مسلم بھائی چارگی اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی ہر ٹیم میں شامل ہوں گے اور یہ ٹورنامنٹ محبت، اتحاد اور بھائی چارے کی بہترین مثال پیش کرے گا۔
پریس کانفرنس میں اسوسی ایشن کے صدر عبدالروف نائطے، ضلعی نائب صدر جعفر حیدر، اور دیگر اراکین پرکاش نائک اور عنایت سمیت متعدد ذمہ داران موجود تھے۔