ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل کے معروف تاجر کا ممبئی میں انتقال؛ جماعتی تعاون پر ذمہ داران کی ستائش

بھٹکل کے معروف تاجر کا ممبئی میں انتقال؛ جماعتی تعاون پر ذمہ داران کی ستائش

Thu, 23 Apr 2026 20:47:21    S O News
بھٹکل کے معروف تاجر کا ممبئی میں انتقال؛ جماعتی تعاون پر ذمہ داران کی ستائش

بھٹکل، 23 اپریل (ایس او نیوز): بھٹکل کے معروف تاجر جناب لیاقت علی گوائی (عمر 71 سال) کا ممبئی میں اچانک انتقال ہوگیا۔ انا للہ و انا الیہ راجعون۔ یہ افسوسناک واقعہ پیر کی شب تقریباً 9 بجے پیش آیا۔ مرحوم اسی روز صبح کاروباری سلسلے میں ممبئی پہنچے تھے اور رات کو بذریعہ بس بھٹکل واپسی کا ارادہ رکھتے تھے، تاہم اس سے قبل ہی وہ خالقِ حقیقی سے جا ملے۔

ساحل آن لائن سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے ممبئی پولیس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ مرحوم جے جے سرکل کے قریب سے بھنڈی بازار جانے کے لیے ٹیکسی میں سوار ہوئے تھے۔ ٹیکسی ڈرائیور کے مطابق، کچھ ہی دیر بعد وہ پچھلی نشست پر بے ہوش ہوگئے۔ ڈرائیور نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی، جس کے بعد انہیں فوراً جے جے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی سانسیں رک چکی تھیں۔

پولیس نے مرحوم کے موبائل فون کے ذریعے اہلِ خانہ سے رابطہ قائم کرکے انہیں اطلاع دی۔ خبر ملتے ہی بھٹکل میں صفِ ماتم بچھ گئی، کیونکہ مرحوم بظاہر صحت مند اور متحرک شخصیت کے مالک تھے۔ اہلِ خانہ کے مطابق وہ باقاعدگی سے ممبئی سمیت مختلف علاقوں کا تنہا سفر کرتے تھے۔

بھٹکل مسلم جماعت ممبئی کے ذمہ داران کو جیسے ہی اہلِ خانہ کی جانب سے واقعے کی اطلاع ملی، وہ دیگر رشتہ داروں کے ساتھ فوری طور پر اسپتال پہنچ گئے۔ ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد میت کو ایمبولینس کے ذریعے بھٹکل روانہ کیا گیا۔ منگل رات تقریباً 10:30 بجے جامع مسجد میں نمازِ جنازہ ادا کی گئی اور پرانے قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔ جنازے میں سینکڑوں افراد شریک ہوئے، جبکہ انتقال کی خبر ملتے ہی پیر شب سے منگل رات تک موسیٰ نگر میں واقع ان کی نئی رہائش گاہ پر ہزاروں لوگوں نے تعزیت کی اور مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کی۔

مرحوم طویل عرصے سے مینگلور کے سائبین کمپلیکس میں فوڈ پروڈکٹس، الیکٹرانکس اور موبائل کے کاروبار سے وابستہ تھے۔ وہ تجارت کے سلسلے میں کیرالہ اور ممبئی سمیت مختلف علاقوں کا مسلسل سفر کرتے رہتے تھے۔ اپنی خوش مزاجی، ملنساری، محنت، دیانت داری اور دینی پابندی کے باعث وہ عوام میں بے حد مقبول تھے۔ انہوں نے اپنے پیچھے بیوہ، ایک فرزند اور دو دختران کے علاوہ پوتے، پوتیاں اور نواسے نواسیوں سمیت ایک بڑا حلقۂ احباب سوگوار چھوڑا ہے۔

ممبئی میں بھٹکل مسلم جماعت نے جس انداز میں قانونی اور کاغذی کارروائیاں مکمل کرکے میت کو بھٹکل پہنچایا، اس پر اہلِ خانہ نے جماعت کے ذمہ داران جناب عادل ناگرمٹ، جناب قمر الزماں موٹیا،جناب حنظلہ  کریکال، جناب صلاح الدین دامودی، جناب عثمان غنی قاضیا اور جناب عرفات ناگرمٹ سمیت دیگر تمام ذمہ داران اور ممبئی میں موجود رشتہ داروں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے، اور عوام سے مرحوم کے لیے مغفرت اور دعائے خیر کی اپیل کی ہے۔


Share: