ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / خاتون پہلوانوں کے جنسی ہراسانی کیس میں برج بھوشن شرن سنگھ بری

خاتون پہلوانوں کے جنسی ہراسانی کیس میں برج بھوشن شرن سنگھ بری

Mon, 03 Aug 2026 17:31:16    S O News

نئی دہلی، 3/اگست (ایس او نیوز /ایجنسی) اتر پردیش واقع قیصر گنج سے سابق رکن پارلیمنٹ اور بی جے پی لیڈر برج بھوشن شرن سنگھ کو دہلی کے راؤز ایونیو کورٹ سے بڑی راحت ملی ہے۔ جنسی استحصال معاملہ میں عدالت نے انھیں بری کر دیا ہے۔ فیصلہ سننے کے لیے برج بھوشن بذاتِ خود عدالت میں موجود تھے۔ عدالت کے فیصلہ سے قبل انھوں نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’میں صرف عدالت کا فیصلہ سننے آیا ہوں۔ میرے ہاتھ میں کچھ بھی نہیں ہے۔‘‘ عدالت نے جنسی استحصال معاملہ میں ونود تومر کو بھی بری کر دیا ہے۔

برج بھوشن شرن سنگھ کو عدالت کے ذریعہ بری کیے جانے کے بعد ان کے وکیل نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’ابھی حکم نامہ کی کاپی نہیں ملی ہے۔ اس کی بنیاد پر آگے کی جانکاری دی جائے گی۔‘‘ یہ فیصلہ آنے کے بعد برج بھوشن نے اپنا پہلا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں شروع سے ہی کہتا آ رہا ہوں کہ اگر میرے خلاف الزام ثابت ہوئے اور عدالت کا فیصلہ میرے خلاف آیا تو میں خود پھانسی پر لٹک جاؤں گا۔ آج عدالت نے مجھے اور ونود تومر کو باعزت بری کر دیا ہے۔ یہ میرے اور میرے حامیوں کے لیے خوشی کا باعث ہے۔‘‘

عدالتی فیصلہ کے بعد برج بھوشن شرن سنگھ نے کہا کہ وہ16-15 سال کی عمر سے جدوجہد دیکھ رہے ہیں اور انھیں ہمیشہ بھروسہ تھا کہ ان کے ساتھ انصاف ہوگا۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ کبھی خود کو مجرم نہیں مانا اور آج عدالت نے ان کے ساتھ انصاف کیا ہے۔ برج بھوشن نے دعویٰ کیا کہ وہ ہمیشہ جونیئر کھلاڑیوں کی جنگ لڑتے رہے ہیں۔ انھوں نے بغیر کسی کا نام لیے کہا کہ اس معاملے میں پہلوانوں کے ساتھ کئی بڑی سیاسی پارٹیاں بھی کھڑی ہو گئی تھیں۔

واضح رہے کہ 2023 میں خاتون پہلوانوں کے ساتھ جنسی استحصال کا معاملہ ہندوستان کی کھیل صنعت اور سیاست میں سب سے بڑا ایشو بن گیا تھا۔ کئی خاتون پہلوانوں نے برج بھوشن شرن سنگھ پر اپنی مدت کار (ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا چیف) کے دوران جنسی استحصال، ڈرانے و دھمکانے اور پیچھا کرنے جیسے سنگین الزامات عائد کیے تھے۔ ان الزامات پر ملک کے کئی معروف پہلوانوں نے دہلی کے جنتر منتر پر طویل احتجاجی مظاہرہ بھی کیا تھا۔ سپریم کورٹ کی مداخلت کے بعد دہلی پولیس نے اس معاملے میں ایف آئی آر درج کی تھی۔ پولیس نے جون 2023 میں عدالت کے سامنے تقریباً 1500 صفحات کی چارج شیٹ داخل کی تھی۔ اس کے بعد 2024 میں برج بھوشن سنگھ کے خلاف کیس کا ٹرائل شروع ہوا تھا۔


Share: