ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / مطالبات پورے ہونے تک ملک بھر میں احتجاجی تحریک جاری رہے گی: تشار گاندھی کا اعلان

مطالبات پورے ہونے تک ملک بھر میں احتجاجی تحریک جاری رہے گی: تشار گاندھی کا اعلان

Sun, 11 Oct 2026 17:32:34    S O News

ممبئی   ، 11/اکتوبر (ایس او نیوز/ایجنسی)مہاتما گاندھی کے پرپوتے تشار گاندھی نے حراست سے رہائی کے بعد حکومت پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اور دیگر منتظمین کو حراست میں لیے جانے کے باوجود ممبئی میں لوگ خود ہی اگست کرانتی میدان پہنچتے رہے۔ تشار گاندھی نے نیوز ایجنسی آئی اے این ایس سے کہا کہ ’’ہفتے کی شام 6 بجے مجھے بتایا گیا کہ مجھے جانے دیا جائے گا، لیکن میرا فون ابھی تک واپس نہیں کیا گیا تھا۔ میرے ساتھ موجود کانسٹیبل کے پاس میرا فون تھا، لیکن اسے واپس نہیں کیا گیا۔ اس کے بعد 4 افسران نے مجھے اسی گاڑی میں بٹھایا اور گھر چھوڑ دیا۔‘‘

انہوں نے کہا کہ میرے حراست میں رہنے اور دیگر منتظمین کو پکڑے جانے کے باوجود ممبئی کے لوگ جوش و خروش کے ساتھ اگست کرانتی میدان پہنچتے رہے اور پولیس کے لیے پریشانی کا سبب بنتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ عام لوگ اپنی مرضی سے اس تحریک میں حصہ لے رہے ہیں اور باہر نکل رہے ہیں۔ ایک طرح سے یہ عوام کی جانب سے حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک ہے۔

تشار گاندھی نے انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ جب تک گیانیش کمار اور موجودہ مودی حکومت کو ہٹا نہیں دیا جاتا، تب تک وہ ہر ہفتے پورے ہندوستان میں اسی طرح کی تحریکیں چلانے کا عہد کرتے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ موجودہ حکومت دھاندلی پر اتر آئی ہے، اس ملک اور یہاں کے شہریوں نے جمہوریت کے تحفظ کے معاملے میں کبھی کمزوری نہیں دکھائی ہے۔

تشار گاندھی نے کہا کہ یہ تحریک پولیس کی آزادی کے لیے بھی لڑی جا رہی ہے۔ سونم وانگچک کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ’’میں سونم وانگچک سے یہی کہوں گا کہ بیان بازی نہ کریں، سڑکوں پر اتریں۔ جب تک ہمارے مطالبات پورے نہیں ہوں گے، ہماری تحریک جاری رہے گی۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ہفتے کے روز جنتر منتر اور ممبئی میں جو کچھ ہوا، اس سے واضح ہوتا ہے کہ عام شہری اپنی مرضی سے حکومت کے خلاف احتجاج کرنے کے لیے باہر نکل رہے ہیں۔


Share: