ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / دکشن کنڑا، اڈپی اور کاسرگوڈ میں تیز بارش - کئی جگہوں پر مالی نقصان

دکشن کنڑا، اڈپی اور کاسرگوڈ میں تیز بارش - کئی جگہوں پر مالی نقصان

Sun, 10 May 2026 12:03:10    S O News
دکشن کنڑا، اڈپی اور کاسرگوڈ میں تیز بارش - کئی جگہوں پر مالی نقصان

منگلورو، 10 / مئی (ایس او نیوز) دکشن کنڑا، کاسرگوڈ اور اڈپی ضلع میں مانسون شروع ہونے سے پہلے  تیز ہواوں، بجلیوں اور بادلوں کی گرج کے ساتھ بھاری بارش ہوئی جس کے نتیجے میں کئی مقامات پر مالی نقصانات ہونے کی خبر ہے ۔
    
موصولہ رپورٹ کے مطابق منگلورو شہر میں کل دن میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33.4 ڈگری اور کم سے کم 25.4 ڈگری سیلسیس ہوگیا تھا ۔ اس دوران رات کو بادلوں کی گرج کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے لگیں جس کی وجہ سے لوگوں کو شدید گرمی سے کچھ نجات ملی ۔ 
    
سولیا اور اس کے اطراف میں تیز بارش ریکارڈ کی گئی ۔ وٹل اور اس کے نواح میں کل شام کو تقریباً پون گھںٹے تک تیز ہواوں اور بجلیوں کے ساتھ  بھاری برسات ہوئی ۔ پتور تعلقہ کے بیٹمپاڈی، سامپیا، کبکا، اپن انگڈی اور کمبرا میں بھی بارش ہوئی ۔
    
بتایا جاتا ہے کہ جمعہ کے دن شام کے وقت جو بارش ہوئی تھی اس میں میسکام اپن انگڈی ژون میں 48     بجلی کے کھمبوں کو نقصان پہنچا ۔ کئی  مقامات پر درخت اور شاخیں ٹوٹ کر بجلی کی لائنوں پر گر گئیں ۔ جس کی وجہ سے سنیچر کے دن بھی اس علاقے میں بجلی کی سپلائی متاثر رہی ۔ میسکام کی طرف سے کل شام تک 28 بجلی کے کھمبوں کو دوبارہ نصب کر دیا گیا ۔ بعض علاقوں میں بڑی تعداد میں سپاری کے درخت زمین سے اکھڑ گئے جس کی وجہ سے باغات کے مالکان کو بھاری نقصان ہوا ہے ۔ درختوں کے گرنے سے کچھ گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے ۔ بعض جگہ زرعی فصلوں کو نقصان پہنچنے کی خبر ہے ۔ اڈپی ضلع میں برسات کی وجہ سے ہوئے نقصان کا تخمینہ 70,000 روپے لگایا گیا ہے ۔ 
    
اسی طرح کاسرگوڈ ضلع میں پرلا، بڈیاڈکا، کمبلا، منجیشور اور کنجاتھور کاسرگوڈ ٹاون میں بھی کہیں تیز اور کہیں معتدل برسات ہوئی ۔ 
    
محکمہ موسمیات نے آئندہ تین دنوں تک ساحلی علاقے میں بارش ہونے کے امکانات ظاہر کیے ہیں ۔ 


Share: