Home
/
ساحلی خبریں
/
بھٹکل میں ایندھن کی قلت کے بعد پٹرول پمپوں پر لمبی قطاریں، عوام کو شدید مشکلات کا سامنا
بھٹکل میں ایندھن کی قلت کے بعد پٹرول پمپوں پر لمبی قطاریں، عوام کو شدید مشکلات کا سامنا
Mon, 04 May 2026 20:28:57 S O News
بھٹکل 4/ مئی (ایس او نیوز) : ساحلی شہر بھٹکل میں اتوار کے روز اچانک پیدا ہونے والی ایندھن کی قلت نے عوام کو سخت پریشانی میں مبتلا کر دیا۔ اطلاعات کے مطابق اتوار کی صبح تقریباً ساڑھے گیارہ سے بارہ بجے کے درمیان شہر کے چاروں پٹرول پمپوں پر بیک وقت پٹرول اور ڈیزل کا اسٹاک ختم ہو گیا، جس کے باعث گاڑی مالکان اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ذرائع کے مطابق بھٹکل شہر میں کل چار پٹرول پمپ موجود ہیں، جبکہ تعلقہ کے مرڈیشور میں دو پمپ کام کر رہے ہیں۔ ایک ہی وقت میں تمام پمپوں پر ایندھن ختم ہو جانے کی وجہ سے صورتحال مزید سنگین ہو گئی اور شہریوں کو متبادل انتظامات کے لیے بھاگ دوڑ کرنی پڑی۔
دریں اثنا، شمس الدین سرکل کے قریب واقع بھارت پٹرولیم پمپ کے ذمہ دار فہیمان محتشم نے بتایا کہ اتوار کو قریب بارہ بجے پٹرول اور ڈیزل دونوں مکمل طور پر ختم ہو گئے تھے۔ تاہم پیر کی شام تقریباً چار بجے تازہ اسٹاک موصول ہونے کے بعد سپلائی بحال کر دی گئی۔
ایندھن کی فراہمی بحال ہوتے ہی پٹرول پمپوں پر گاڑیوں کا ہجوم اُمڈ آیا اور لمبی قطاریں لگ گئیں، جو دیر تک جاری رہیں۔ شہریوں نے اس اچانک قلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مستقبل میں اس طرح کی صورتحال سے بچنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو پیش آنے والی مشکلات کو کم کیا جا سکے۔