ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کرناٹک اسمبلی میں اپارٹمنٹ مالکان کے حقوق سے متعلق نیا بل پیش، ایک منصوبے میں صرف ایک رہائشی انجمن کی تجویز

کرناٹک اسمبلی میں اپارٹمنٹ مالکان کے حقوق سے متعلق نیا بل پیش، ایک منصوبے میں صرف ایک رہائشی انجمن کی تجویز

Sat, 22 Aug 2026 12:05:26    S O News

بنگلورو ، 22/ اگست (ایس او نیوز /ایجنسی) کرناٹک حکومت نے اپارٹمنٹ میں رہنے والے شہریوں کے حقوق کے تحفظ، انتظامی مسائل کے حل اور تعمیراتی کمپنیوں کی من مانی پر روک لگانے کے مقصد سے کرناٹک اپارٹمنٹ (ملکیت و انتظام) بل 2026 اسمبلی میں پیش کیا ہے۔ ریاستی وزیر برائے محصولات کرشنا بائرے گوڑا نے جمعہ کو اسمبلی میں بل پیش کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں تیزی سے بڑھتے ہوئے اپارٹمنٹ کلچر کے پیش نظر رہائشیوں کو واضح قانونی حقوق فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔

وزیر نے کہا کہ شہری علاقوں میں زمین محدود اور قیمتی ہونے کے باعث بڑی تعداد میں لوگ اپارٹمنٹ میں رہائش اختیار کر رہے ہیں، تاہم موجودہ قوانین اور ضوابط آج کے پیچیدہ مسائل سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے کافی نہیں ہیں۔ ایک ہی اپارٹمنٹ میں متعدد انجمنوں کی تشکیل، رہائشیوں اور تعمیراتی کمپنیوں کے درمیان مشترکہ جگہوں، سڑکوں اور احاطہ کی دیواروں کی ملکیت کے تنازعات اور پرانی عمارتوں کی ازسرنو تعمیر جیسے معاملات میں موجودہ قانونی نظام میں واضح حل کا فقدان ہے۔

کرشنا بائرے گوڑا نے بتایا کہ حکومت نے اس سلسلے میں پہلے بھی اپارٹمنٹ رہائشیوں کے ساتھ مشاورت کی تھی۔ تقریباً 2 ماہ قبل بھی رہائشیوں سے تجاویز اور مشورے حاصل کیے گئے۔ ان تمام تجاویز پر غور کرنے کے بعد بل کا مسودہ تیار کیا گیا اور عوامی سطح پر بھی اس پر رائے حاصل کی گئی۔ موصولہ تجاویز اور اعتراضات کو مدنظر رکھتے ہوئے نیا بل اسمبلی میں پیش کیا گیا ہے۔

مجوزہ قانون کے تحت ہر اپارٹمنٹ منصوبے کے لیے صرف ایک رجسٹرڈ رہائشی بہبود انجمن قائم ہوگی۔ اس انجمن کو اسی قانون کے تحت رجسٹر کیا جائے گا اور دیگر قوانین کے تحت الگ الگ انجمنیں قائم کرنے پر پابندی ہوگی۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے ایک ہی اپارٹمنٹ میں متعدد انجمنوں کے باعث پیدا ہونے والے تنازعات ختم کرنے میں مدد ملے گی۔

بل میں اپارٹمنٹ کے مشترکہ علاقوں، سڑکوں اور کھلی جگہوں کے حقوق سے متعلق بھی واضح دفعات شامل کی گئی ہیں۔ تعمیراتی کمپنیوں کو مشترکہ جگہوں کو نجی طور پر فروخت کرنے یا ان کی حیثیت تبدیل کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ان علاقوں کا انتظام لازماً اپارٹمنٹ کے رہائشیوں کی انجمن کے حوالے کرنا ہوگا۔

اپارٹمنٹ مالکان اور تعمیراتی کمپنیوں کے درمیان پیدا ہونے والے تنازعات کے فوری حل کے لیے مقامی سطح پر مجاز اتھارٹیاں قائم کی جائیں گی۔ گرام پنچایت، بلدیہ اور شہری بلدیاتی اداروں کی سطح پر تنازعات کے تصفیے کے لیے مجاز اتھارٹی اور اپیل اتھارٹی مقرر کی جائے گی۔ ان اداروں کو دیوانی عدالت کے اختیارات حاصل ہوں گے۔

بل میں پرانی اور خستہ حال عمارتوں کی ازسرنو تعمیر کے لیے بھی واضح قانونی طریقۂ کار تجویز کیا گیا ہے۔ کسی عمارت کی ازسرنو تعمیر کے لیے کم از کم 75 فیصد مالکان کی رضامندی لازمی ہوگی۔

وزیر کے مطابق جو مالکان ازسرنو تعمیر پر رضامند نہ ہوں، ان کی جائیداد آزادانہ تشخیص کے ذریعے موجودہ بازار قیمت سے 2 گنا معاوضہ ادا کرکے حاصل کرنے اور نئی عمارت تعمیر کرنے کی گنجائش رکھی گئی ہے۔

کرشنا بائرے گوڑا نے کہا کہ مجوزہ قانون کا بنیادی مقصد اپارٹمنٹ رہائشیوں کو قانونی تحفظ فراہم کرنا، ان کے ملکیتی حقوق کو واضح کرنا، مشترکہ املاک کے تحفظ کو یقینی بنانا اور تعمیراتی کمپنیوں و رہائشیوں کے درمیان جاری تنازعات کا مؤثر حل فراہم کرنا ہے۔


Share: