بنگلورو، 24/ اکتوبر (ایس او نیوز/ایجنسی) سعودی عرب میں پروازوں کی معطلی اور مشرقِ وسطیٰ میں بگڑتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کے باعث مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں پھنسے کرناٹک کے 600 سے زائد عمرہ زائرین کی مدد کے لیے ریاستی حکومت نے فوری اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ ریاستی وزیر برائے صحت، اقلیتی بہبود، اوقاف اور حج یو ٹی قادر نے کہا کہ زائرین کی سلامتی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور انہیں بحفاظت وطن واپس لانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال کے پیش نظر آکاسا ایئر، انڈیگو، فلائی ناس اور ایئر انڈیا ایکسپریس نے جدہ اور ریاض سے بنگلورو سمیت ہندوستان کے مختلف مقامات کے لیے پروازیں معطل کر دی ہیں، جس کے نتیجے میں کرناٹک کے 600 سے زائد عمرہ زائرین مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
یو ٹی قادر کے مطابق، معاملے کی اطلاع ملتے ہی کرناٹک حج کمیٹی کے صدر، ایگزیکٹیو آفیسر اور اراکین پر مشتمل ایک ٹیم کو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ روانہ کیا گیا۔ ٹیم نے وہاں پہنچ کر زائرین سے ملاقات کی اور ان کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ میں ہندوستانی برادری کی رضاکار تنظیموں کے تعاون سے زائرین کے لیے مفت کھانے، ادویات اور قیام کا انتظام کیا جا رہا ہے تاکہ انہیں موجودہ حالات میں بنیادی سہولتوں کی کمی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
یو ٹی قادر نے بتایا کہ زائرین کی بحفاظت واپسی کے لیے خصوصی پروازوں کا انتظام کرنے کی غرض سے انہوں نے چیف منسٹر کو مکتوب روانہ کرکے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کرنے کی درخواست کی ہے۔ چیف منسٹر کے توسط سے مرکزی وزارتِ شہری ہوا بازی سے بھی نمائندگی کی گئی ہے اور پروازوں کی جلد بحالی پر زور دیا گیا ہے۔
یو ٹی قادر نے کہا کہ پیشگی ٹکٹ جاری کرکے مسافروں کو سفر پر لے جانے کے بعد انہیں بحفاظت واپس پہنچانا ایئرلائنز کی ذمہ داری ہے۔ اس ذمہ داری سے غفلت برتنے والی ایئرلائنز کے خلاف حج کمیٹی کی جانب سے سپریم کورٹ میں مفادِ عامہ کی عرضی (پی آئی ایل) دائر کرنے کے امکان پر قانونی ماہرین سے مشاورت جاری ہے اور اس سلسلے میں جلد فیصلہ کیا جائے گا۔
انہوں نے عمرہ زائرین اور ان کے اہلِ خانہ کو یقین دلایا کہ ریاستی حکومت اس مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ زائرین اور ان کے اہلِ خانہ گھبرائیں نہیں، حکومت ان کی سلامتی اور بحفاظت واپسی کے لیے مسلسل کوششیں کر رہی ہے۔