کاروار 18/اپریل (ایس او نیوز): اترکنڑا ضلع ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (DDMA) نے علاقے میں بڑھتے ہوئے درجۂ حرارت کے پیشِ نظر عوام کے لیے ایک صحت سے متعلق ایڈوائزری جاری کی ہے اور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ گرمی سے متعلق بیماریوں سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
ہفتہ کے روز جاری کردہ بیان میں اتھارٹی نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ دوپہر 12 بجے سے 3 بجے کے درمیان، جب گرمی اپنی شدت پر ہوتی ہے، غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں۔ حکام نے زور دیا کہ جسم میں پانی کی کمی سے بچاؤ نہایت ضروری ہے، اس لیے پیاس نہ لگنے کی صورت میں بھی وقفے وقفے سے پانی پیتے رہیں۔
عوام کو ہلکے رنگ کے سوتی کپڑے پہننے اور باہر نکلتے وقت چھتری، ٹوپی اور سن گلاسز استعمال کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔
ایڈوائزری میں الکحل، کیفین اور کاربونیٹیڈ مشروبات سے پرہیز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے کیونکہ یہ جسم میں پانی کی کمی کا سبب بن سکتے ہیں۔ اس کے بجائے مٹھی، لیموں پانی اور اورل ری ہائیڈریشن سلوشن (ORS) کے استعمال کے ساتھ ساتھ تربوز اور سنگترہ جیسے پانی سے بھرپور پھلوں کے استعمال کی ترغیب دی گئی ہے۔
حکام نے عوامی تقاریب کے منتظمین کو بھی ہدایت دی ہے کہ وہ کھلے مقامات پر سایہ، مناسب ہوا داری اور پینے کے پانی کا خاطر خواہ انتظام یقینی بنائیں۔
محکمۂ صحت کے حکام نے کہا ہے کہ اگر کسی شخص میں ہیٹ ایکزاسشن یا ہیٹ اسٹروک کی علامات ظاہر ہوں تو فوری طور پر طبی امداد حاصل کی جائے، اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ موسمِ گرما کے دوران جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔
Click here for report in English