ترواننت پورم ،9/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی) ترواننت پورم میں ان دنوں پیٹرول کے معیار اور اس میں اتھنال کی ملاوٹ معاملہ پر سرگرمیاں اچانک تیز ہوگئی ہیں۔ کرناٹک میں مقررہ حد سے کہیں زیادہ اتھنال ملاوٹ کا معاملہ سامنے آنے کے بعد کیرالہ کے وزیر برائے شہری رسد انوپ جیکب نے ریاست کے 4 اہم اضلاع میں واقع پٹرول پمپوں کی اچانک جانچ کے سخت احکامات جاری کردئیے ہیں۔
کیرالہ حکومت نے واضح کیا ہے کہ اگرچہ ابھی تک ریاست میں پٹرول کے اندر مقررہ حد سے زیادہ اتھنال ملائے جانے کا کوئی ٹھوس معاملہ سامنے نہیں آیا ہے لیکن دوسری ریاست میں جاری تنازع کو دیکھتے ہوئے کوئی لاپروائی نہیں برتی جائے گی۔ احتیاطی قدم کے طور پر ترواننت پورم، ایرناکولم، کوژیکوڈ اور کنور اضلاع کے مختلف پٹرول پمپوں سے پٹرول کے نمونے جمع کیے جائیں گے اور ان نمونوں کو جانچ کے لیے تجربہ گاہوں میں بھیجا جائے گا، تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ عام لوگوں کو فراہم کیے جانے والے پٹرول کا معیار مقررہ پیمانوں کے مطابق ہے یا نہیں۔
اس پوری انتظامی کارروائی کے لیے 2014ء کے ایک پرانے سرکاری نوٹیفکیشن کا سہارا لیا جا رہا ہے، جو سینٹرل موٹر اسپرٹ اینڈ ہائی اسپیڈ ڈیزل آرڈر کے تحت جاری کیا گیا تھا۔ اس قانونی انتظام کے تحت شہری رسد اور صارفین کے امور کے کمشنر سے لے کر تعلقہ سپلائی افسر تک تمام متعلقہ افسران کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ کسی بھی پٹرول پمپ کا اچانک معائنہ کرسکتے ہیں۔
ریاستی وزیر انوپ جیکب نے واضح الفاظ میں خبردار کیا ہے کہ اگر جانچ کے دوران کسی بھی سطح پر ملاوٹ یا قواعد کی خلاف ورزی پائی گئی تو قصورواروں کے خلاف کسی رعایت کے بغیر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
قابل ذکر ہے کہ یہ پورا تنازع اس وقت شروع ہوا جب کرناٹک حکومت کے وزیر برائے شہری رسد رضوان ارشد نے ایک پریس کانفرنس کے دوران سنسنی خیز دعویٰ کیا کہ ریاست میں پٹرول کے اندر اتھنال کی مقدار مقررہ 20 فیصد کی حد سے کہیں زیادہ ہے۔