بنٹوال، 9/ نومبر (ایس او نیو) وٹل پولیس نے بنٹوال تعلقہ کے کنیانا گاؤں کے علاقے میں 'بیریکٹے' سے ایک ٹرک کو ضبط کیا ہے، جس میں مبینہ طور پر بغیر کسی اجازت نامے یا دستاویزات کے غیر قانونی طور پر سرخ پتھروں کی مٹی لے جائی جا رہی تھی ۔
بتایا جاتا ہے کہ وٹل پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر رام کرشنا کو اطلاع ملی کہ ایک بھاری مال بردار ٹرک خراب ہو جانے کی وجہ سے بیریکٹے میں عوامی سڑک پر کھڑا ہے جس سے گاڑیوں کی آمدورفت میں دشواری ہو رہی ہے ۔
اس اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے سب انسپکٹر نے پولیس اہلکاروں کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر گاڑی کا معائنہ کیا ۔ وہاں انہیں ایک بھاری مال بردار ٹرک (رجسٹریشن نمبر KA-21-C-4608) سڑک پر کھڑا ملا ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سکلیش پور ضلع ہاسن کے رہائشی عرفان پاشا (40 سال) نامہ ڈرائیور، کے طور پر سے پوچھ گچھ کرنے پر اس نے بتایا کہ ٹرک میں کوئی تکنیکی خرابی پیدا ہو گئی ہے ۔ جب پولیس نے ٹرک میں لدے سامان کے بارے میں دریافت کیا تو معلوم ہوا کہ اس میں بغیر کسی اجازت نامے یا متعلقہ دستاویزات کے غیر قانونی طور پر سرخ لیٹرائٹ مٹی لے جائی جا رہی تھی ۔
جس کے بعد پولیس نے مزید قانونی کارروائی کے لیے ٹرک کو ضبط کر لیا اور وٹل پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا ۔ اس معاملے میں مزید تفتیش جاری ہے ۔