بھٹکل 11/نومبر (ایس او نیوز) بھٹکل تعلقہ کے وینکٹاپور میں سونے کے زیورات غائب ہونے سے دلبرداشتہ ایک شخص نے وینکٹاپور ندی میں چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی۔ متوفی کی لاش بدھ 11 نومبر کی صبح شیرا لی کے موگیر کیری کے قریب وینکٹاپور ندی کے کنارے سے برآمد ہوئی۔
متوفی کی شناخت 42 سالہ دنیش موہن مڈیوال کی حیثیت سے کی گئی ہے، جو بنیادی طور پر یلاپور تعلقہ کے ہرن گدّے کارہنے والاتھااور فی الحال بھٹکل تعلقہ کے کائیکنی گاؤں کے اگّولے بستی میں مقیم تھا۔
پولیس میں درج شکایت کے مطابق، دنیش نے اپنے گھر کی گودریج الماری میں تقریباً 12 تولہ سونے کے زیورات رکھے تھے۔ 7 نومبر کو جب زیورات کی جانچ کی گئی تو وہ غائب پائے گئے۔ بتایا گیا ہے کہ گھر سے زیورات لاپتہ ہونے کے واقعے سے وہ شدید ذہنی دباؤ اور پریشانی کا شکار ہوگیا تھا۔
شکایت میں کہا گیا ہے کہ اسی بات سے دلبرداشتہ ہوکر دنیش نے 10 نومبر کو دوپہر تقریباً 2.45 بجے سے رات 8 بجے کے درمیان بھٹکل کے وینکٹاپور میں ندی میں چھلانگ لگا دی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی سی پی آئی وینکٹیش مرنال اور بھٹکل دیہی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ فائر بریگیڈ کے عملے کی مدد سے رات کے وقت ندی میں تلاشی مہم چلائی گئی، تاہم بدھ 11 نومبر کو صبح تقریباً 5.15 بجے شیرالی کے موگیر کیری کے قریب وینکٹاپور ندی کے کنارے ان کی لاش برآمد ہوئی۔