بھٹکل 10/نومبر (ایس او نیوز) بھٹکل میں رابطہ ادبِ اسلامی کے زیرِ اہتمام 14 اور 15 نومبر کو 42 واں کل ہند دو روزہ علمی و ادبی سیمینار منعقد ہوگا۔جس کا مرکزی موضوع ’’حضرت مولانا سید محمد واضح رشید حسنی ندویؒ کی حیات و خدمات‘‘ ہے۔ اس بات کی اطلاع رابطہ ادبِ اسلامی جنوبی ہند کے سکریٹری مولانا محمد الیاس جاکٹی ندوی نے جامعہ اسلامیہ بھٹکل میں منعقدہ پریس کانفرنس میں دی۔
انہوں نے بتایا کہ سیمینار کے تحت حضرت مولانا کی علمی، ادبی، فکری اور تصنیفی خدمات کے مختلف گوشوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے ملک کے مختلف علاقوں سے ممتاز علماء، ادباء، دانشور، محققین اور اہلِ قلم شرکت کریں گے اور اپنے مقالات پیش کریں گے۔
مولانا الیاس جاکٹی ندوی نے بتایا کہ سیمینار کی صدارت ناظم ندوۃ العلماء لکھنؤ اور رابطہ ادبِ اسلامی کے صدر حضرت مولانا سید بلال عبدالحی حسنی ندوی کریں گے۔ سیمینار کے تحت مجموعی طور پر تین علمی نشستیں منعقد ہوں گی۔
افتتاحی نشست 14 نومبر، بروز سنیچر، صبح 9:30 بجے جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے درسگاہ میں منعقد ہوگی۔ اسی روز دوسری نشست بعد نمازِ مغرب علی پبلک اسکول میں ہوگی، جبکہ تیسری اور اختتامی نشست 15 نومبر، بروز اتوار، مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی میں منعقد کی جائے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ علمی نشستوں کے علاوہ 15 نومبر کو بعد نمازِ عشاء تنظیم ملیہ مسجد میں ’’اصلاحِ معاشرہ‘‘ کے عنوان سے ایک عوامی پروگرام بھی منعقد ہوگا، جس میں ملک کے ممتاز علماء شرکت کریں گے۔
پریس کانفرنس میں جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے ناظم مولانا محمد طلحہ رکن الدین ندوی بھی موجود تھے۔