ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / وزیر اعظم کی کفایت شعاری مہم: سرکاری قافلہ محدود، گاڑیوں کی تعداد کم کر دی گئی اور الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کا فیصلہ

وزیر اعظم کی کفایت شعاری مہم: سرکاری قافلہ محدود، گاڑیوں کی تعداد کم کر دی گئی اور الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کا فیصلہ

Thu, 14 May 2026 10:57:22    S O News

نئی دہلی  ، 14/ مئی (ایس او نیوز /ایجنسی)وزیر اعظم مودی نے ملک سے پیٹرول ڈیزل کے استعمال کے بارے میں کفایت شعاری کی اپیل  کے بعد  اپنی گاڑیوں کےقافلے کے سائز میں نمایاں کمی کردی ہے۔ یہ اقدام ان کے حالیہ گھریلو دورے کے دوران نافذ کیا گیا۔ قافلے میں گاڑیوں کی تعداد میں کٹوتی کی گئی ہے حالانکہ ایس پی جی پروٹوکول کے مطابق ضروری حفاظتی انتظامات کو برقرار رکھا گیا ہے۔

واضح رہے کہ عام طریقہ کار کے تحت وزیر اعظم کے قافلے میں پائلٹ گاڑی، اسکارٹ گاڑیاں، وزیر اعظم کی مرکزی کار، ایک بیک اَپ گاڑی، ایمبولینس اور میڈیکل ایمرجنسی گاڑی اور ایک اعلیٰ تکنیکی مواصلاتی گاڑی شامل ہوتی ہے۔ اس طرح سے یہ قافلہ کئی گاڑیوں پر مشتمل ہو تا ہے لیکن  حال ہی میں کی گئی ان کی تقریر کے فوراً بعد گجرات اور آسام میں ان کے قافلے کے سائز کو چھوٹا کر دیا گیا تھا۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم مودی نے یہ بھی کہا ہے کہ جہاں ممکن ہو، ان کے قافلے میں الیکٹرک گاڑیوں کو شامل کیا جائے لیکن اس کے لئے نئی گاڑی نہ خریدی جائے۔ اطلاعات ہیں کہ ان کے قافلے میں اب صرف ۲؍ ہی گاڑیاں ہوں گی اور اگر مزید گاڑیوں کو شامل کرنے کی ضرورت پڑی تو الیکٹرک گاڑیوں کو ترجیح دی جائے گی۔

دریں اثناءاخراجات میں کٹوتی کی یہ مہم اب کئی صوبوں میں دکھائی دے رہی ہے۔ اطلاعات ہیں کہ وزیر داخلہ امیت شاہ اور وزیر صحت جےپی نڈا کے قافلے میں بھی کٹوتی کردی گئی ہے جبکہ مرکز کے دیگر وزراءبھی اسی روش پر چلنے پر غور کررہے ہیں۔

وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری نے بھی ایندھن بچانے اور سرکاری اخراجات کم کرنے کی وزیر اعظم کی اپیل کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے اپنے دو روزہ مہاراشٹر دورے  پر اپنے سرکاری قافلے کے حجم کو ۵۰؍ فیصد تک کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

دریں اثناء دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا، راجستھان کے وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما اور مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ موہن یادو سمیت دیگر لیڈروں نے بھی اپنے قافلوں میں گاڑیوں کی تعداد کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ قدم وزیر اعظم کی اس اپیل کا حصہ مانا جا رہا ہے جس میں انہوں نے ضروری سفر کم کرنے اور قومی وسائل  کی بچت پر زور دیا تھا۔  

یاد رہے کہ وزیر اعظم مودی نے شہریوں سے قوم کے لیے ذمہ دارانہ طرز زندگی اپنانے اور گھریلو مصنوعات کا استعمال کر کے انہیں فروغ دینے کی اپیل کی تھی۔


Share: