ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل تعلقہ میں بجلی سپلائی کا مسئلہ جلد حل کیا جائے گا - ہیسکام چیئرمین سید پیر عظیم قادری کا تیقن

بھٹکل تعلقہ میں بجلی سپلائی کا مسئلہ جلد حل کیا جائے گا - ہیسکام چیئرمین سید پیر عظیم قادری کا تیقن

Wed, 22 Apr 2026 13:12:50    S O News
بھٹکل تعلقہ میں بجلی سپلائی کا مسئلہ جلد حل کیا جائے گا - ہیسکام چیئرمین سید پیر عظیم قادری کا تیقن

بھٹکل، 22 اپریل (ایس او نیوز): ہبلی الیکٹریسٹی سپلائی کمپنی (ہیسکام) کے چیئرمین سید عظیم پیر قادری نے یقین دہانی کرائی ہے کہ بھٹکل تعلقہ میں بجلی سپلائی سے متعلق درپیش مسائل اور رکاوٹوں کو جلد از جلد حل کیا جائے گا۔

قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کی جانب سے منعقدہ عید ہم آہنگی اجلاس میں شرکت سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھٹکل اور اطراف میں بجلی کی بار بار بندش اور خلل سے متعلق موصول ہونے والی شکایات، اور شدید گرمی کے دوران عوام کو پیش آنے والی مشکلات سے وہ بخوبی آگاہ ہیں، اور ان مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

پریس کانفرنس کے دوران ساحل آن لائن کی جانب سے جب ان کی توجہ اس جانب مبذول کروائی گئی کہ بھٹکل ساگر روڈ پر واقع 110 کے وی بجلی اسٹیشن کی تکمیل کے باوجود ٹرانسمیشن ٹاور کی تعمیر میں تاخیر ہو رہی ہے، اور بعض افراد کی جانب سے عدالت سے رجوع کرنے کے باعث معاملہ تعطل کا شکار ہے، تو قادری نے کہا کہ قانونی رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے باقی ماندہ کام جلد مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پڑوسی تعلقہ بیندور کے ساتھ 110 کے وی کنیکٹیویٹی قائم کرنے کے لیے میسکام حکام کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔

بجلی کے بوسیدہ تاروں کی تبدیلی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کو ریاستی وزیر توانائی کے جی جارج اور ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا کے سامنے اٹھایا جائے گا، تاکہ بھٹکل کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کی جانب فوری پیش رفت ممکن ہو سکے۔

انہوں نے ساحلی علاقوں میں درپیش بنیادی ڈھانچے کے چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نمکین فضا، موسلا دھار بارش اور تیز ہواؤں کے باعث ہر سال بجلی کے کھمبوں اور تاروں کو نقصان پہنچتا ہے۔ اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے معیاری اور زنگ سے محفوظ رہنے والے آلات اور تاروں کے استعمال پر زور دیا جا رہا ہے، تاکہ نہ صرف حادثات سے بچا جا سکے بلکہ ادارے کو ہونے والے مالی نقصان میں بھی کمی لائی جا سکے۔

فلاحی اسکیموں کی تفصیلات بتاتے ہوئے قادری نے کہا کہ کمٹہ، ہوناور اور بھٹکل سب ڈویژن میں گرہ جیوتی اسکیم کے تحت 1,40,343 مستفیدین کو بجلی کنکشن فراہم کیے جا چکے ہیں، اور اس طرح 98.88 فیصد ہدف حاصل کیا جا چکا ہے۔

زرعی شعبے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کسانوں کو دن کے وقت بجلی فراہم کرنا ترجیح میں شامل ہے، اور فی الحال روزانہ سات گھنٹے بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسانوں کے لیے شمسی توانائی کے فروغ پر بھی غور کیا جا رہا ہے، جس کے تحت سولار پمپ سیٹس فراہم کیے جا رہے ہیں، جن پر ریاستی حکومت کی جانب سے 50 فیصد اور مرکزی حکومت کی جانب سے 20 فیصد سبسڈی دی جا رہی ہے، جبکہ بقیہ حصہ کسانوں کو برداشت کرنا ہوتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سات اضلاع میں کسانوں کے تقریباً ایک لاکھ غیر مجاز پمپ سیٹس کو قانونی دائرے میں لایا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ کسانوں کے لیے فوری بجلی کنکشن کی اسکیم کے تحت ایک ٹرانسفارمر (ٹی سی) مفت فراہم کیا جائے گا۔

اس موقع پر ہیسکام ہوناور سب ڈیویژن کے ایگزیکٹو انجینئر پروین موگلی، بھٹکل سب ڈیویژن کے اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر منجوناتھ، اور  رمیش میستا سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔


Share: