نئی دہلی ،11/ اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی)چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفیٰ کے مطالبے کو لے کر دہلی سمیت ملک کے دیگر مقامات پر جاری احتجاج کے درمیان راہل گاندھی نے بڑا علان کیا ہے۔ لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری ایک پیغام میں کہا کہ 12 اکتوبر کو کانگریس، انڈیا اتحاد اور ملک کے نوجوان ایک بار پھر بڑی تعداد میں سڑکوں پر اتریں گے۔ ’ایکس‘ پر ہفتہ (10 اکتوبر) کو ہوئے مظاہرہ کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے راہل گاندھی لکھتے ہیں کہ ’’امت شاہ کی دہلی پولیس خود تو غنڈہ گردی پر اتر ہی آئی، آر ایس ایس اور بی جے پی کے اصلی غنڈوں کو بھی خواتین اور نوجوانوں پر تشدد کرنے کی کھلی چھوٹ اور بڑھاوا دے رہی ہے۔‘‘
قائد حزب اختلاف راہل گاندھی اپنی پوسٹ میں مزید لکھتے ہیں کہ ’’جیسا کہ میں نے کہا تھا، موگیمبو مودی اور اس کی حکومت جتنا دبائے گی، جین-زی اور طلبہ کا غصہ اتنا ہی بڑھے گا۔ پیر، 12 اکتوبر کو کانگریس، پورا انڈیا اتحاد اور ملک کے نوجوان بڑی تعداد میں ایک بار پھر سڑکوں پر اتریں گے۔ اور اس بار بھی آواز پورے ملک میں گونجے گی، پہلے سے کہیں زیادہ۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’’امت شاہ، جتنی پولیس لانی ہے، 10 ہزار، 20 ہزار، 40 ہزار، لے آئیے۔ بی جے پی اور آر ایس ایس کے جتنے غنڈوں کو بلانا ہے، بلا لیجیے۔ ہم ڈرنے والے نہیں ہیں، پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں۔ یہ لڑائی اب رکنے والی نہیں ہے!‘‘
کانگریس رہنما راہل گاندھی نے اپنی ’ایکس‘ پوسٹ میں یہ بھی لکھا کہ ’’پیر کو ہم چیف جسٹس سے بھی ملاقات کریں گے اور مطالبہ کریں گے کہ جب دہلی کی سڑکوں پر آئین کو تار تار کیا جا رہا ہے اور جمہوریت کو کچلا جا رہا ہے، تب قانون کے محافظ آنکھوں پر پٹی ڈال کر نہیں بیٹھ سکتے۔ آئین کی دھجیاں اڑائی جائیں گی اور ہم خاموش بیٹھے رہیں گے؟ ایسا ہرگز نہیں ہوگا۔ ہم جواب دہی طے کروا کر رہیں گے!‘‘