ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل کے قریب ولکی میں شراوتی تعلیمی ایوارڈز: 13 ہونہار طلبہ و طالبات کو گولڈ میڈل، حافظِ قرآن بھی شامل

بھٹکل کے قریب ولکی میں شراوتی تعلیمی ایوارڈز: 13 ہونہار طلبہ و طالبات کو گولڈ میڈل، حافظِ قرآن بھی شامل

Wed, 19 Aug 2026 09:59:33    S O News
بھٹکل کے قریب ولکی میں شراوتی تعلیمی ایوارڈز: 13 ہونہار طلبہ و طالبات کو گولڈ میڈل، حافظِ قرآن بھی شامل

بھٹکل 18/اگست (ایس او نیوز): تعلقہ ہوناور کے قصبہ ولکی میں شراوتی مسلم کونسل کے زیرِ اہتمام شراوتی تعلیمی ایوارڈز کی ایک باوقار تقریب اتحاد پبلک اسکول کے فنکشن ہال میں منعقد ہوئی، جس میں ایس ایس ایل سی، پی یو سی، ڈگری، انجینئرنگ اور دیگر تعلیمی شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے والے 13 سے زائد ہونہار طلبہ و طالبات کو گولڈ میڈلز، نقد انعامات اور سرٹیفکیٹس سے نوازا گیا۔

کونسل کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر عبداللہ سکری کی صدارت میں منعقدہ تقریب میں آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے ایکزیکٹیو ممبر اور بھٹکل مولانا ابوالحسن علی اسلامک اکیڈمی کے بانی و جنرل سکریٹری مولانا محمد الیاس جاکٹی ندوی نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی، جبکہ بھٹکل کے معروف محقق، مصنف اور تاریخ دان مولانا عبدالمتین منیری بطور مہمانِ اعزازی شریک ہوئے۔ اس موقع پر بھٹکل اور اطراف سے تعلق رکھنے والے دیگر ذمہ داران اور معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔

تقریب میں ایس ایس ایل سی، پی یو سی سال دوم، ڈگری، انجینئرنگ اور دیگر شعبوں میں امتیازی کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو معزز مہمانان کے ہاتھوں اعزازات پیش کیے گئے۔ مقررین نے کامیاب طلبہ، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہیں تعلیمی میدان میں مسلسل محنت اور جدوجہد کے ساتھ آگے بڑھنے کی تلقین کی۔

اس موقع پرخطاب کرتےہوئے مولانا محمد الیاس جاکٹی ندوی نے مخلوط نظامِ تعلیم کے نقصانات اور اسلامی تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنی بچیوں کی دینی و اخلاقی تربیت کے ساتھ ان کی تعلیم کے لیے اسلامی ماحول پر مبنی تعلیمی اداروں کے انتخاب پر خصوصی توجہ دیں اور اپنی اولاد کے ایمان و کردار کی حفاظت کو ترجیح دیں۔

تقریب کے نمایاں کامیاب طلبہ میں اتحاد پبلک اسکول ولکی کے طالب علم محمد براق بن خواجہ شیخ خصوصی طور پر قابلِ ذکر رہے، جنہوں نے حفظِ قرآن مکمل کرنے کے ساتھ دسویں جماعت کے امتحان میں 96.8 فیصد نمبر حاصل کرکے نمایاں کامیابی حاصل کی اور اول مقام پر رہے۔

ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں گل بہار بنت فضل الرحمن کروے نے ایس ایس ایل سی میں 88.40 فیصد، عطوفہ محمد حنیف باپوجی نے 86.72 فیصد، زیدان بن الیاس خان شمسی نے 92.16 فیصد، مزنہ بنت سکندر خان سرلگی نے 93.12 فیصد، محمد براق بن خواجہ شیخ نے 96.80 فیصد اور مدیحہ انجم بنت یوسف صاحب سرلگی نے پی یو سی میں 98.16 فیصد نمبر حاصل کیے۔ انجینئرنگ کے شعبے میں اقصیٰ انجم بنت تبریز خان سرلگی نے الیکٹرانکس اینڈ کمیونیکیشن انجینئرنگ میں 95.16 فیصد نمبر حاصل کرکے اعزاز حاصل کیا۔

تقریب میں حفظِ قرآن مکمل کرنے والے طلبہ کو بھی خصوصی انعامات سے نوازا گیا۔ ان میں حافظ امان پوٹلی، حافظ عمر بن محمد رفیق (جدہ)، حافظ بلال بن خواجہ پوٹلی، حافظ عبداللہ بن نورالدین گیما، حافظ عصیم بن عاصم قاضی اور حافظ محمد براق بن خواجہ شیخ شامل تھے۔ دعا کے ساتھ تقریب اختتام کو پہنچی۔


Share: