ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: اُترا کنڑا فٹ بال ایسوسی ایشن کی پہلی سالانہ ایوارڈ تقریب؛ قومی سطح کے کھلاڑیوں سمیت نمایاں افراد کی پذیرائی

بھٹکل: اُترا کنڑا فٹ بال ایسوسی ایشن کی پہلی سالانہ ایوارڈ تقریب؛ قومی سطح کے کھلاڑیوں سمیت نمایاں افراد کی پذیرائی

Thu, 13 Aug 2026 20:26:49    S O News
بھٹکل: اُترا کنڑا  فٹ بال ایسوسی ایشن کی پہلی سالانہ ایوارڈ تقریب؛ قومی سطح کے کھلاڑیوں سمیت نمایاں افراد کی پذیرائی

بھٹکل، 13 اگست (ایس او نیوز): بھٹکل میں منعقدہ اُترا کنڑا  ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن (UKDFA) کی پہلی سالانہ ایوارڈ تقریب  میں نمایاں فٹ بال کھلاڑیوں، کوچز، مینیجرز، طلبہ اور مختلف شعبوں میں کامیابی حاصل کرنے والے نوجوانوں کو اعزازات سے نوازا گیا۔

تقریب کا اہم پہلو جنوری 2026 میں  دادرا اور نگر حویلی  اور دامن  اینڈ دیو  میں منعقدہ کھیلو انڈیا بیچ ساکر چیمپئن شپ میں کرناٹک کی نمائندگی کرنے والے اتر کنڑا کے 11 کھلاڑیوں کی پذیرائی تھی۔ کرناٹک نے اس قومی مقابلے میں تاریخی کانسے کا تمغہ حاصل کیا تھا۔ اعزاز حاصل کرنے والوں میں محمد سفیان قاضیا، عبدالصمد ایس ایم، جاسر ایس کے، محمد لقمان شیخ جی، محمد مدنی تونسے، عمار قاسمجی ، امان کولا، سعد خان، سلمان غوث ، دلیش اور کیوین شامل تھے۔

ضلع کے کھلاڑیوں کی بڑی تعداد میں ریاستی ٹیم کے لیے انتخاب کو اترا کنڑا میں گراس روٹس فٹ بال کی ترقی اور ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کی اہم کامیابی قرار دیا گیا۔ کرناٹکا اسٹیٹ فٹ بال ایسوسی ایشن نے اس سے قبل ٹیم کو اعزاز سے نوازتے ہوئے ایک لاکھ روپے کا نقد انعام بھی دیا تھا۔

UKDFA کا باوقار بیلون ڈی اور — ضلع کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ عبدالصمد ایس ایم کو شاندار کارکردگی اور فٹ بال کے لیے خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔

bhatkal-football-award-2

تقریب میں کھیل کے علاوہ تعلیمی اور دیگر شعبوں میں کامیابی حاصل کرنے والوں کی بھی پذیرائی کی گئی۔ تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے 10 طلبہ، حفظِ قرآن مکمل کرنے والے چار حفاظ، پہلی کوشش میں ACCA امتحان پاس کرنے والے ایک طالب علم، یونیورسٹی سطح پر فٹ بال کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑیوں اور ایپ ڈیولپمنٹ سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے نوجوانوں کو بھی اعزازات دیے گئے۔

بہترین مینیجر، بہترین کوچ، بہترین ایمرجنگ پلیئر، بہترین سب جونیئر و جونیئر کھلاڑی، سب سے زیادہ پابندِ وقت اور باقاعدہ کھلاڑی اور بہترین یوتھ ڈیولپمنٹ کلب سمیت مختلف زمروں میں خصوصی ایوارڈز بھی دیے گئے۔ تمام اعزاز یافتگان کو ٹرافیوں کے ساتھ نقد انعامات سے نوازا گیا۔

تقریب میں محکمہ یوتھ ایمپاورمنٹ اینڈ اسپورٹس کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر روی نائک، کرناٹکا اسٹیٹ فٹ بال ایسوسی ایشن کے نائب صدر اسماعیل ایم مصباح  UKDFA کے صدر احید  محتشم، جنرل سکریٹری ماویہ محتشم اور دیگر اسپورٹس و سماجی اداروں کی اہم  شخصیات نے شرکت کی۔

UKDFA کے مطابق تقریب کا مقصد کھیلوں میں بہترین کارکردگی کے ساتھ تعلیم، نظم و ضبط اور نوجوانوں کی ترقی کی حوصلہ افزائی کرنا اور اتر کنڑا میں فٹ بال کی اگلی نسل کو آگے بڑھنے کے لیے ترغیب دینا ہے۔


Share: