بھٹکل 23/مئی (ایس او نیوز): تعلقہ کے مرڈیشور پولس تھانہ حدود میں سرگرم دو راوڈی شیٹرس کو مسلسل مجرمانہ سرگرمیوں کے الزام میں اترکنڑا ضلع سے چھ ماہ کے لئے تڑی پار کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔
تڑی پار کئے گئے افراد میں ماولی-2 کے رہائشی شیکھر منجوناتھ نائک (25) اور کونار کیرے ہٹّل کے رہائشی متھن کُپّیا نائک (27) شامل ہیں۔ پولس ذرئع کے مطابق دونوں کے خلاف مرڈیشور پولس تھانے میں کئی مجرمانہ مقدمات درج تھے اور ان پر راوڈی شیٹ بھی کھولی گئی تھی۔

پولس کے مطابق نگرانی اور احتیاطی کارروائی کے باوجود دونوں اپنی مجرمانہ سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے تھے، جس سے علاقے کے امن و امان کو خطرہ لاحق ہونے کا اندیشہ تھا۔ اسی بنا پر مرڈیشور پولس نے دونوں کو ضلع بدر کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔
اس معاملے کی سماعت کے بعد اترکنڑا ضلع کے سپرنٹنڈنٹ آف پولس و اسپیشل ایگزیکٹو مجسٹریٹ نے 20 مئی کو کرناٹک پولس ایکٹ 1963 کی دفعات 55(A) اور 55(B) کے تحت دونوں کو چھ ماہ کے لئے تڑی پار کرنے کا حکم جاری کیا۔
حکم کے مطابق شیکھر نائک کو ٹمکور ضلع کے ہوسابڈاونے پولس تھانے کی حدود میں جبکہ متھن نائک کو وجئے پور ضلع کے گاندھی چوک پولس تھانے کی حدود میں فوری طور پر منتقل کیا گیا ہے۔