اُ ڈپی، 28/ اکتوبر (ایس او نیوز) اُڈپی ضلع میں 'اسپیشل انٹینسیو ریویژن (SIR) کی تکمیل کے بعد انتخابی فہرستوں سے کل 49,733 ووٹروں کے نام خارج کر دیے گئے ہیں ۔
ڈپٹی کمشنر سوروپا ٹی کے نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ کہ تمام سیاسی جماعتوں کے تعاون سے گھر گھر جا کر اندراج کے فارم تقسیم کیے گئے تھے۔ 24 اگست 2026 کو شائع ہونے والی ابتدائی انتخابی فہرست میں 10,00,545 ووٹر شامل تھے، اور اب ضلع میں رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد 10,14,143 ہے، جبکہ 16 جون 2026 کو یہ تعداد 10,63,876 تھی ۔
اندراج کے مرحلے کے دوران، فہرستوں سے 63,331 نام خارج کیے گئے ۔ ابتدائی فہرست کی اشاعت کے بعد 17,334 ووٹروں کا اضافہ کیا گیا، جن میں 8,794 خواتین اور 8,540 مرد شامل ہیں ۔ ان میں سے 11,261 نوجوان ووٹر ہیں ۔ جبکہ 3,736 نام خارج کر دیے گئے ۔ پھر اس کے بعد تصدیق کے عمل کے نتیجے میں انتخابی فہرستوں میں 13,598 ناموں کا اضافہ ہوا ۔
ابتدائی فہرست کی اشاعت کے بعد اڈپی تعلقہ سے 14,082 نام ہٹائے گئے جو ضلع کے پانچ تعلقہ جات میں سب سے ہے ۔ اس کے بعد بیندور میں 11,554، کنداپور میں 9,370، کارکلا میں 7,961 اور کاپ میں 6,766 نام خارج کیے گئے ہیں ۔
ڈپٹی کمشنر نے یہ بھی بتایا کہ ضلع میں 47 ایسے افراد کی نشاندہی کی گئی ہے جو غیر ملکی باشندے ہیں ۔ اکیس افراد نے ایس آئی آر عمل میں حصہ لینے سے مکمل طور پر انکار کر دیا تھا، لہٰذا انہیں انتخابی فہرستوں سے خارج کر دیا گیا ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ جن لوگوں کے نام انتخابی فہرستوں سے نکال دیے گئے ہیں، بشمول وہ افراد جنہوں نے اس عمل میں حصہ لینے سے انکار کیا تھا، انہیں یکم جنوری 2027 کے بعد الیکشن کمیشن میں درخواست دے کر اپنا نام دوبارہ شامل کروانے کا موقع ملے گا ۔